چوہدری محمد سرور نے انہی مسائل کی طرف نشاندہی کی جن کی طرف ہم شروع دن سے کہتے آ رہے ہیں‘ثمینہ خالد گھرکی

جمعرات 29 جنوری 2015 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا ہے کہ مستعفی ہونے والے گورنر چودھری محمد سرور نے بھی انہی مسائل کی طرف نشاندہی کی ہے جن کی طرف ہم شروع دن سے کہتے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں بھی بہت سے ایسے سرکاری سکول ہیں کہ جہاں پر بنیادی سہولیات نہیں ہیں اور شہر لاہور کے غریبوں کے بچے بھی سکول نہیں جا رہے ہیں، جبکہ شیری آلودہ پانی بینے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کی اس طرف کوئی بھی توجہ نہیں ہے اور یہی باتیں سابق گورنر نے بھی اپنی آخری پریس کانفرنس میں کہی ہیں ۔

ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے پر یقین ہی نہیں رکھتی ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اگر حکومت پہلے دن سے ہی اپنے وعدوں پر عمل کرتی اور عوام کو بنیادی سہولتیں دیتی تو آج ان کے نامزد گورنر کو کڑوا سچ نہ بولنا پڑتا لیکن ہم ان کے سچے جملوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔