صوبے میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کیلئے صنعتوں کو بجلی ، گیس اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،فواد اسحاق،

روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت چھوٹے ،درمیانے درجے کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرے، صدر خیبرپختونخوا چیمبر

جمعرات 29 جنوری 2015 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے صوبے میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کے لئے صنعتوں کو بجلی گیس اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں روزگار کی فراہمی کے لئے حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرے ۔ صوبائی حکومت پشاور موٹر وے کے قریب جدیدسہولیات سے آراستہ صنعتی بستی کے قیام کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس آئی ڈی بی کوہاٹ روڈ کے زیر اہتمام چارسدہ میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے صنعتکاروں کو الاٹمنٹ لیٹرز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صنعت و تجارت کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خصوصی معاون عبدالمنیم ایس آئی ڈی بی کے ایم ڈی  ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹری اور سمیڈا کے صوبائی چیف جاوید خٹک سمیت صنعتکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد اسحق نے خیبر پختونخوا چیمبر کی مشاورت سے صوبے کیلئے نئی انڈسٹریل پالیسی کی تشکیل کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو انوسٹمنٹ کی جانب راغب کرنے سے قبل انڈسٹریل  ہائیڈل اور دیگر پالیسیاں تشکیل دے ۔ انہوں نے نئے انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بحالی  نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے سمیت متعلقہ اداروں کو بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کرنے کی سفارشات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ سمیڈاکے پاس چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار کو چلانے کے لئے فزیبلٹی ر پورٹس موجود ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے سمیڈا اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے چارسدہ میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور صنعتکاروں سے کہا کہ وہ ایسی معیاری مصنوعات متعارف کرائیں جس سے صوبے کی معیشت کو استحکام ملے ۔ انہوں نے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ صحیح سمت میں سرمایہ کاری کا عمل یقینی بنائے تاکہ انہیں کارخانے چلانے میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔