گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت امت مسلمہ کی نااتفاقی کا نتیجہ ہے، محمد جمیل

جمعرات 29 جنوری 2015 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت امت مسلمہ کی نااتفاقی کا نتیجہ ہے،مسلم امہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے تو کسی کی جرات نہیں کہ وہ اس قسم کی مکروہ حرکت کرسکے،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا مسلمان ممالک میں پائے جانیوالے اختلافات سے دین کو بھی سخت نقصان پہنچ رہا ہے اور اسلام دشمن قوتیں دانستہ طور پر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرکے متوقع رد عمل کی سازشوں میں مصروف ہیں تاکہ اسلام کو پر تشدد مذہب قرار دیا جاسکے،انہوں نے کہا پاکستان اسلام کا قلعہ اورایک نیو کلیئر پاور ہے جسے نقصان پہنچانے کیلئے باطل اور صیہونی قوتیں سازشوں کے نئے جال بچھا رہی ہیں مگر ہمارے حکمرانوں میں اتنی ہمت ہی نہیں کہ وہ پاکستان یا اسلام کیخلاف ہونیوالی سازشوں کیخلاف آواز اٹھا سکیں،انکاکہنا تھا کہ توہین آمیز خاکوں کی دوبارہ اشاعت سے تہذیبوں میں تصادم کا خدشہ ہے جس سے عالمی جنگ بھی چھڑ سکتی ہے ،حکومت فرانس نے گھناوٴنے فعل میں ملوث جریدے کیخلاف کاروائی نہ کی تو لاقانونیت کا پر تشدد سلسلہ شروع ہوجائیگا،انہوں نے مزید کہا ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں مگر ہمارے جذبہ ایمانی سے خوفزدہ قوتیں آخر ہمارے ہی مذہبی اقدار کو کیوں مجروح کررہی ہیں؟

متعلقہ عنوان :