افغانستان کے وسطی صوبے غزنی میں طالبان کے حملے میں گیارہ اہلکار ہلاک، طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

جوابی کارروائی میں چھ حملہ آور بھی مارے گئے ، غزنی کے ڈپٹی گور نر کا دعویٰ

جمعرات 29 جنوری 2015 21:01

کابل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) افغانستان کے وسطی صوبے غزنی میں طالبان کے حملے میں کم از کم 11 اہلکار ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز رات گئے غزنی کے ضلع اندر میں طالبان نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور حفاظت پر مامور حکومت کی حامی ملیشیا کے 11 رضاکاروں کو ہلاک اور6 کو زخمی کردیا۔

(جاری ہے)

غزنی کے ڈپٹی گورنر محمد علی احمدی نے بتایا کہ رضاکار ملیشیا کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 6 حملہ آور ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے۔

صوبے کے ڈپٹی پولیس چیف اسد اللہ انصافی نے بتایا کہ حملہ آوروں کا ایک ساتھی گذشتہ برس کسی طرح رضاکار ملیشیا کا حصہ بننے میں کامیاب ہوگیا تھا جو انھیں اندر کی خبریں پہنچاتا تھا۔دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔