جڑانوالہ،شہر میں ڈکیتیوں پر انجمن تاجران نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی ڈیڈ لائن دے دی

جمعرات 29 جنوری 2015 21:17

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) شہر میں ہونے والی نان سٹا پ ڈکیتیوں پر انجمن تاجران نے پولیس کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی ڈیڈ لائن دے دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں نان سٹاپ ڈکیتیوں کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس دن ڈکیتی کی کوئی واردات نہ ہوتی ہو۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سرشام تقریباََ 06:30 بجے شہر کے معروف چوک حسن روڈ میں قائم عمران کالنگ کارڈ شاپ سے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دس لاکھ روپے لوٹ لیے اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

ایک طرف شہر میں روزانہ ڈکیتیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف سرکل پولیس کے ایس ایچ اوز اعلی افسران کے سامنے کارکردگی بنانے کے لئے چھوٹے موٹے جرائم میں ملوث ملزموں کو گرفتا رکر کے سرخرو ہو جاتے ہیں۔شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر انجمن تاجران نے اپنے ایک ہنگامی اجلاس میں پولیس تھانہ سٹی کو وارننگ دی ہے کہ اگر عمران کالنگ کارڈ پر ڈکیتی کے ملزم اڑتالیس گھنٹے میں گرفتا رنہ ہوئے تو ہفتہ کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال بھی دی جا سکتی ہے۔