Live Updates

عمران خان ملکی حالات کی خرابی میں اپنے دھرنوں کے کردار کا بھی ذکر کریں‘ خواجہ عمران نذیر /عمران گورائیہ ،

عمران کو دوسروں پر تنقید کے سوا کوئی کام نہیں، قوم کو اتفاق کی ضرورت ہے،عمران نفاق پھیلا رہے ہیں‘ مشترکہ بیان

جمعرات 29 جنوری 2015 21:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری اطلاعات عمران علی گورائیہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے ملکی حالا ت کی خرابی میں جرنیلوں ،ججوں ،سیاستدانوں اور علماکا توذکر کیاہے مگر اپنی دھرنا سیاست سے ملکی معیشت کا انہوں نے جس طرح بھٹہ بٹھا یا اور سیاسی بحران سے ملک کو ہیجان میں مبتلا کیا انہیں اس کا بھی ذکر کرکے قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہاکہ یہ عمران خان ہی تھے جنہوں نے جلدازجلد اقتدار کے حصول کے چکر میں ملکی ترقی کو ریوریس گیئر لگادیااور حکومت سمیت ہر ادارے پر بلاجواز کڑی تنقید کرکے اسے بے توقیر کرنے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

عمران خان کا سیاسی ایجنڈا یہ ہے کہ اقتدار کے حصول کیلئے بڑے سے بڑا جھوٹ اور سیاسی منافقت اپنانے میں کوئی ہرج نہیں ۔عمران خان کو دوسروں پر تنقید کے سوا کوئی کا م نہیں۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ذوروں پر ہے اور وزیر اعظم محمدنوازشریف کی دلیرانہ قیادت اور واضح سوچ کی روشنی میں پاک فوج پوری قوم کی سپورٹ سے دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما ہے ان حالات میں جبکہ ہم حالات جنگ میں ہیں قومی اتحاد کی ضرورت جس قدر آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔عمران خان کو نفاق کی سیاست کی بجائے اتحاد و اتفاق کی سیاست کرنی چاہیے اور موجودہ نازک صورتحال کا احساس کرتے ہوئے اپنی سیاسی مہم جوئی ترک کرکے ان قوتوں کا دست بازو بن جانا چاہیے جو دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے اپنی جانیں نچھاور کررہے ہیں۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگی قیادت کا صرفی ایک ہی مشن ہے کہ دہشت گردی ، توانائی بحران اور دیگر تمام بحرانوں سے ملک کو نکال کر شاہراہ ترقی پر گامزن کردیا جائے اور اس مقصد کے لئے وزیر اعظم نوازشریف ، وزیر اعلی شہازشریف اور انکی ٹیم دن رات محنت کررہی ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :