قومی ایکشن پلان کے تحت امن، رواداری اور تحمل کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے ،عرفان صدیقی ،

انتہاء پسندی قرآن اور اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہے، حضور اکرم کی تعلیمات میں انتہاء پسندی کا تصور تک نہیں ملتا ،خطاب

جمعرات 29 جنوری 2015 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت امن، رواداری اور تحمل کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے  انتہاء پسندی قرآن اور اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہے، حضور اکرم کی تعلیمات میں انتہاء پسندی کا تصور تک نہیں ملتا۔ وہ جمعرات کو ہائر ایجوکیشن کمیشن میں مضمون نویسی کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ انسان کی وجہ تخلیق علم ہے جو اس کو دیگر مخلوقات سے برتر بناتی ہے ، سائنسی علوم علم کی نفع بخش شاخ ہے تاہم آسمانوں کا فیض ان کے لئے ہوتا ہے جو ٹیکنالوجی سے آگے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں والے لوگ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی وجہ سے دوسروں سے مختلف اور ممتاز ہوتے ہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ انتہاء پسندی قرآن اور اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہے، اسلام میں ہمیشہ درمیانی راستے کو پسند کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم کی تعلیمات میں انتہاء پسندی کا تصور تک نہیں ملتا۔ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ اسلام نے ہمیشہ تحمل و رواداری کا درس دیا لیکن کچھ لوگ اپنی دکانیں چمکانے کے لئے فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کو ہوا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں امن، رواداری، تحمل کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ تلوار وہاں اٹھتی ہے جہاں دلیل نہیں ہوتی۔

متعلقہ عنوان :