سن کوٹہ بحالی تحریک کی کامیابی پرلالہ نذیر کی قیادت میں وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات ،

KPT ملازمین کے بچوں کے لیے 25فیصد حصہ مختص کرنے کا مطالبہ مان لیا گیا ،وفد کی گفتگو ، کامیاب دھرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ، جماعت اسلامی نے ہر دور میں مزدور حقو ق کی آواز بلند کی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

جمعرات 29 جنوری 2015 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) سن کوٹہ بحالی تحریک کے چےئر مین اور کے پی ٹی ایمپلائز یونین کے صدرلالہ نذیر نے ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور سن کوٹہ بحالی تحریک کی کامیابی پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ صدر نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی خالد خان ،کے پی ٹی ایمپلائز یونین شمع کے چےئر مین امداد علی جتوئی ،نائب صدر عبد القادر بلوچ ، جنرل سیکریٹری سن کوٹہ بحالی تحریک مناظر حسین ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری آصف مقدم اور دیگر بھی موجود تھے جب کہ جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبد الوہاب ،نائب امیر برجیس احمد اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔

لالہ نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کے پی ٹی ملازمین 80دنوں سے کے پی ٹی کے گیٹ پر دھرنا دیے ہوئے تھے ،ملازمین سے کے پی ٹی پورٹ اینڈ شپنگ کے وفاقی وزیر کامران مائیکل اور ادارے کے چےئر مین نے ملازمین کے دھرنے میں اس بات کا اعلان کیا ہے کہ انسانی بنیادوں پر KPT ملازمین کے بچوں کے لیے نچلے گریڈ اسامی کا 25فیصد حصہ مختص کردیا گیا ہے، اس اعلان کے بعد ملازمین نے دھرنا ختم کر دیا ،انہوں نے اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ، جماعت اسلامی کراچی اور نیشنل لیبر فیڈریشن کی کوششوں اور ملازمین کے حقوق کی بحالی کے لیے کاوشوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر دور میں مزدوروں کے حقو ق کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ۔انہوں نے ملازمین کی طویل جدو جہد پرانہیں خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پرجماعت اسلامی کے رہنماؤں نے سن کوٹہ بحالی تحریک کی کامیابی پرمزدور رہنماؤں کو ہا ر پہنائے اور مٹھائی کھلائی ۔

متعلقہ عنوان :