عالمی نمائشیں دوسرے ممالک کے ساتھ باہمی تجارتی روابط میں اضافے کا ذریعہ ہو تی ہیں،صدر ایف پی سی سی آئی،

رواں سال پاکستان مختلف ممالک خصوصاً ساؤتھ ایسٹ ایشین اور آسیان ممالک میں ایک ملکی نمائش منعقد کریگا،میاں محمدادریس

جمعرات 29 جنوری 2015 23:17

کرا چی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں محمد ادریس نے کہا ہے کہ عالمی نمائشیں دوسرے ممالک کے ساتھ باہمی تجارتی روابط میں اضافے کا ذریعہ ہو تی ہیں ۔ فیڈریشن چیمبرز بہت سے ممالک میں ہونے والی عالمی نمائشوں میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کے لئے انتظامات کرتی ہے اور ان عالمی نمائشوں کے علاوہ رواں سال پاکستان مختلف ممالک خصوصاً ساؤتھ ایسٹ ایشین اور آسیان ممالک میں ایک ملکی نمائش منعقد کرے گا ۔

اسی حکمت عملی کے تحت فیڈریشن چیمبرز چین کے شہر چنگڈو میں ہونے والے نیو ایئر شاپنگ فیسٹول جوکہ 8 فروری سے شروع ہو گی ۔اس میں پاکستان بھر سے 60 کمپنیوں کی شرکت کے انتظامات کر رہی ہے ۔ اسی سلسلے میں فیڈریشن چیمبرز کے سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو اور نائب صدر محمد وسیم وہرا کے زیر صدارت نمائش میں جانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں اسٹالوں کو صاف شفاف الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی کی گئی ۔

(جاری ہے)

جس کو تمام شرکاء نے بہت سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس شفاف عمل سے تمام نمائش کنندگان کا فیڈریشن چیمبرز پر اعتماد بڑھے گا ۔ عبدالرحیم جانو سینئر نائب صدر اور نائب صدر محمد وسیم وہرا نے کہا کہ نمائش میں شرکت کرنے والے ملک کے سفیر ہو تے ہیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ فیڈریشن چیمبرز کے تمام ضوابط و قوانین پر پوری طرح عمل کریں تاکہ پاکستان کا امیج بڑھے اور ملک کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو ۔

متعلقہ عنوان :