ڈاکڑ مہر تاج روغانی کا آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ

جمعرات 29 جنوری 2015 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے سوشل ویلفیئر ڈاکڑ مہر تاج روغانی نے بیگم شاہین سیف اللہ طورو، مسز فاروق خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ روبینہ ریاض خان کے ہمراہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا اور سکول کے طالب علموں کے لئے کتابوں کے 21بنڈل دیئے۔ مسز عندلیب آفتاب لیکچرر برائے آرمی پبلک سکول پشاور نے اس موقع پر معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے سکول کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیااور سکول کے بعض زخمی طالب علم جن کو کلائی اور کہنیوں کے کچھ مسائل درپیش ہیں انکے علاج معالجے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 91طالب علم ابھی بھی صوبہ کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے آئندہ امتحانات میں کچھ رعایت دینے کا بھی مطالبہ کیا جن میں خصوصاً نویں جماعت سے لیکر ایف ایس سی لیول شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہر تاج روغانی نے وعدہ کیا کہ وہ مسز شاہین طورو کی مدد سے ان کے مسائل کو وفاقی حکومت اور صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا تک لیکر جائیں گی۔ انہوں نے اس ضمن میں آرتھوپیڈک سپیشلسٹ کی مدد لینے اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور سے علاج کروانے کا عندیہ دیا۔ سکول کی فوکل پرسن نے معاون خصوصی کا سکول کا دورہ کرنے اور کتابوں کی تقسیم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔