شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی سعودی قونصل جنرل سے ملاقات اور اظہار تعزیت،

شاہ عبداللہ امت مسلمہ کیلئے درددل رکھنے والے حکمران تھے، خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، تعزیتی پیغام

جمعرات 29 جنوری 2015 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ شاہ عبداللہ امت مسلمہ کیلئے درددل رکھنے والے حکمران تھے ، جن کے انتقال نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کیلئے صدمہ ہے، شاہ عبداللہ نے ہمیشہ اورہرمشکل میں پاکستان کاساتھ دیاہے، مرحوم کی دینی ،ملی ، سیاسی اور سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گئی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزسعودی عرب کے نائب قونصل جنرل سے ملاقات اورقونصل خانے میں رکھی گئی شاہ عبداللہ کی وفات پر تعزیتی پیغام قلم بندکرتے ہوئے کیا۔مفتی محمدنعیم نے کہاکہ شاہ عبداللہ مرحوم کے انتقال سے عالم اسلام درد دل رکھنے والے عظیم رہنما سے محروم ہوگیا، انہوں نے اپنے دور اقتدار میں سعودی عرب کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ان کا دور ترقی کا دور تھا ، ہمیشہ اپنے قول وفعل عمل سے عالم اسلام کی خدمت کی اور عالم اسلام کا لیڈر نے ہونے کا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حرم شریف توسیع و تعمیروترقی میں بنیادی کردار ادا کیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں پر جب بھی کوئی مشکل آئی تو پیش پیش رہے ، انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی ہر مشکل میں سہارہ بن کر ساتھ دیتے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ شاہ عبداللہ کے دور میں سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات بہتر ہوئے ہیں ، انہوں نے سعودی عرب کے نئے حکمران شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے امید ظاہر کی ہے وہ شاہ عبداللہ کی جانیشی کا حق ادا کرتے ہوئے ان کی اچھی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے اور پوری امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کردار ادا کریں گے اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے مرحوم شاہ عبداللہ کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔