بھارتی حکمرانوں نے کبھی بھی مذاکرات کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا‘ہمایوں زمان مرزا

جمعہ 30 جنوری 2015 12:15

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) جموں وکشمیر ہیو من رائٹس کمیشن کے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر راہنما ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے کبھی بھی مذاکرات کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ مکاری اور چالاکی کیساتھ اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں سے انحراف بین الاقوامی چارٹر کی خلاف ورزی ہے ۔

مقبوضہ کشمیر جموں وکشمیر میں چلنے والی آزادی کی جدوجہد کشمیریوں کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے یہ آزادی کی جنگ ہے ۔ دہشت گردی نہیں بھارت دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا اور دہشت گرد ملک ہے ۔ جس نے دو لاکھ انسانوں کا قتل عام کیا۔شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کشمیریوں پر بہت سے احسانات ہیں 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے پہلے دور حکومت میں کشمیریوں کے ساتھ لازوال محبت اور کشمیریوں کی طرف سے بے پناہ عقیدت کے اعتراف میں کیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین ہمایوں زمان مرزا نے5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صحافیوں سے خصوصی ملاقات میں کیا انہوں نے کہا کہ میں اسلام عقیدت پیش کرتا ہوں کشمیری مجاہدین کو جنہوں نے تاریخ ساز شہادتیں پیش کر کے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا کے اندر فلش پوائنٹ بنا یا آج عالمی برادری ، انسانی حقوق کی تنظیمیں ، دنیا بھر کا میڈیاکشمیرکے تاریخی اور جغرافیائی پس منظر سے نہ صرف آگاہ ہے بلکہ وہ موجودہ نازک صورتحال سے بھی آگاہ ہے ۔

ہمایوں مرزا نے کہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ کشمیر کا مسئلہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے حل ہو جائے ۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں کو خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کشمیر کے اندر قتل و غارت اور جبرو تشدد کا سلسلہ بند نہ کیا تو برصغیر جنوبی ایشیاء کے اندر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بھارتی حکمرانوں کو ضد اور ہٹ دھرمی ختم کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی وحدت اور شناخت پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے ۔

کشمیر کی اپنی ایک تاریخی مسلمہ حیثیت ہے کشمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ ہندوستان کے ظالم اور قاتل حکمرانوں کو واضح اور دو ٹوک الفاظ میں خبردار کرتا ہوں کہ کشمیری عوام پر مظالم گرانا بند کر دو تاریخ سے سبق سیکھ کشمیری عوام کی خاموشی سے کب تک فائدہ اٹھاتے رہو گے ۔ ظلم کی آخر حد ہوتی ہے کشمیری عوام کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ دنیا میں جنگی جرائم میں ملوث بھارت کے حکمرانوں اور اس کی قاتل سیکورٹی فورسز کے خلاف مقدمہ دائر کرنا چاہیے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارتی حکمرانوں ، بھارتی فوج کے سربراہ اور اس کی خفیہ ایجنسی راء کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم کی بنیاد پر مقدمات دائر ہونے چاہیے ورنہ دنیا انصاف سے عاری رہے گی اگر اقوام متحدہ جیسے بڑے عالمی ادارے نے اس کا نوٹس نہ لیا تو اس کی اپنی حیثیت اور شناخت ختم ہو جائے گی۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ بھارت کی قاتل افواج کے ہاتھوں مظلوم عورتون کی عزتوں کو پامال کیا جا رہا ہے ۔ ان حالات میں عالمی برادری ، دنیا بھر کے آزاد میڈیا اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو فوری طور پر بھارتی مظالم کے خلاف سخت نوٹس لیکر بھارت سے بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :