اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات میں 10 فیصد سے زائد کمی کی سفارش کر دی‘ پہلی دفعہ سی این جی‘ پیٹرول سے 9 روپے فی کلو گرام مہنگی ہو جائے گی

جمعہ 30 جنوری 2015 14:22

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات میں 10 فیصد سے زائد کمی کی سفارش کر دی‘ پہلی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے ماہ فروری کے لئے پیٹرولیم مصنوعات میں 10 فیصد سے زائد کمی کی سفارش کر دی ہے۔ یہ سفارش مشرق وسطیٰ میں خام تیل کی قیمت میں 47 ڈالرز فی بیرل کی کمی کے بعد کیا گیا ہے۔اس کمی سے پیٹرول مصنوعات 15 سال سے زیادہ کی کم ترین سطح پر آجائیں گی۔ وزارت پیٹرولیم کے ایک سابق سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع رکھنی چاہئے کہ اس کمی کے فوائد عوام تک پہنچیں گے۔

گزشتہ ماہ حکومت نے تیل کی مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس 5 فیصد تک بڑھا دیا تھا تاکہ جی ایس ٹی خسارے کو پورا کیا جا سکے۔ اوگرا نے جمعرات کے دن وزارت پیٹرولیم و فنانس کو سفارشات پر مبنی سمری ارسال کی۔ سمری کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.73‘ مٹی کے تیل میں 18 فیصد‘ لائیٹ ڈیزل آئل میں 17.5 فیصد اور ایچ او بی سی میں 16 فیصد کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس تجویز کی منظوری سے پہلی دفعہ سی این جی خیبرپختونوا میں پیٹرول سے 9 روپے فی کلوگرام مہنگی ہو جائے گی اور سندھ اور پنجاب میں 4.50 روپے فی کلو گرام مہنگی ہو جائے گی اور پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت 78.28 سے کم ہو کر 67.53 روپے فی لیٹر تک ہو جائے گی۔ اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 8.80 روپے فی لیٹر کم ہو جائے گی اور مٹی کا تیل 71.92 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 59 فی لیٹر ہو جائے گا۔