طاقتور مافیا نے اب چینی کا بحران پیدا کرنے کی تیاری کر لی‘ پاکستان عوامی تحریک

جمعہ 30 جنوری 2015 14:52

طاقتور مافیا نے اب چینی کا بحران پیدا کرنے کی تیاری کر لی‘ پاکستان ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی طرف سے کہا گیا ہے کہ طاقتور شوگر مافیا نے پنجاب میں اب چینی کا بحران پیدا کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، چینی کی بوری میں 100روپے اضافہ خطرے کی گھنٹی ہے، شوگر ملز کو دیوالیہ قرار دلوانے کا ڈرامہ شروع ہوچکا ہے،اس بحران میں کسانوں کے واجب الادا 60ارب روپے ہضم کرنے کے ساتھ ساتھ چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا جائیگا اورمافیا سستی چینی درآمد کر کے منہ مانگے داموں پر بیچے گا۔

لاکھوں ٹن چینی کے درآمدی آرڈر دئیے جا چکے ہیں۔عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کسان ونگ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوگر مافیا گنے کی قیمت میں اضافہ کرنے کے مطالبات تسلیم کیے جانے پر عوام اور کسانوں کو سزا دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق گورنر چودھری سرور نے درست کہا مافیا گورنر کے عہدے سے زیادہ طاقتور ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو پیشگی خبردار کررہے ہیں کہ وہ بجلی، گیس، پٹرول کے بعد چینی کا بحران پیدا کرنے سے باز رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے 60ارب روپے بلاتاخیر ادا کیے جائیں اور شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور چیف جسٹس پاکستان شوگر مافیا کی طرف سے چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی تیاریوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر چینی کی فی کلو قیمت میں 2روپے اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں کام کرنے والے مافیا نے پورے سال کا کیلنڈر بنارکھا ہے کہ کس مہینے کے کن دنوں میں کون سا بحران پیدا کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔