صوبائی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے،مولانا لطف الرحمان

جمعہ 30 جنوری 2015 15:00

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)خیبر پختونخواہ میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے، صوبے میں بد امنی عروج پر ہے، اور عوامی مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے عمرہ کی ادائیگی سے واپسی کے بعد اپنی رہائش گاہ پر معززین علاقہ اور پارٹی کارکنوں کے وفود سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلا ع کی ترقی کے ایک اہم منصوبے پاک چائینہ راہداری میں ڈیرہ اسما عیل خان، خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع اور بلوچستان کے اضلاع کو شامل نہ کرنا زیادتی ہے جس کو ہم کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیئے تھا کہ وہ اس اہم مسئلہ پر اپنا احتجاج بلند کرتی مگر صوبائی حکمرانوں کو عوام اور صوبے کی ترقی سے کوئی غرض ہی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر اس اہم مسئلہ کو نہ صرف صوبائی اسمبلی میں اٹھائے گی بلکہ مولانا فضل الرحمن نے چین کی حکومت سے بھی اس ضمن میں رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیو نکہ نئے مجوزہ روٹ سے نہ صرف ہمارے اضلاع کی ترقی میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے بلکہ ایک سازش کے تحت روٹ کو ایک ہزار کلومیٹر لمبا کرکے پاک چائینہ تجارت کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کو ناکام بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی جا چکی ہے جس سے ڈیرہ اسما عیل خان میں گیس کے منصوبوں کی توسیع کی جائے گی اور بجلی کی مد میں بھی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا -