میرپور کی تعمیر وترقی ، عام آدمی کا حق اس کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائینگے،راجہ امجد پرویز

جمعہ 30 جنوری 2015 16:40

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)ادارہ ترقیات میرپور کے ڈائریکٹر جنرل و کمشنر میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویزنے کہا ہے کہ میرپور کی تعمیر وترقی اورعام آدمی کا حق اس کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ،متاثرہ منگلا ڈیم اور تارکین وطن کااعتماد بحال کرتے ہوئے ادارہ کا مالی استحکام میری اولین ترجیح ہے ، جائز کام میں کوئی تعطل برداشت نہیں ہو گا اورخلاف قواعد کام کیلئے کسی سفارش یااثرورسوخ کو خاطر میں نہیں لایاجائے گا، ہر خاص عام کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں تاجروں،وکلاء اور نمائندہ شہریوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ادارہ کے ڈائریکٹر ایڈمن چوہدری محمد رقیب اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے ، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات امجد پرویز علی خان نے کہا کہ مالی و انتظامی طور پر شدید عدم استحکام سے دوچارادارہ ترقیات کاچارج میں نے ایک چیلنج سمجھ کر سنبھالا اور ادارہ کو اپنے پاؤ ں پر کھڑا کرتے ہوئے اہل میرپور اور تارکین وطن کو درپیش مسائل کا تدارک کیلئے ایک ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام شروع کیا ، انہوں نے کہا کہ قلیل وقت میں ادارہ میں لائی جانے والی اصلاحات سے عام آدمی کے مسائل میں کمی واقع ہوئی ہے،شعبہ اسٹیٹ اور ورکس میں پائی جانے والی پیچیدگیوں کے خاتمہ کیلئے ون ونڈو سسٹم کا آغاز کیا جس سے پلاٹ کی منتقلی اور دیگر جائز شکایات کاانتہائی قلیل اور مقررہ وقت کے اندر آزالہ کیاجا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ادارہ میں ملازمین عدم حاضری اور فرائض منصبی سے کوتاہی کی شکایت عام تھی جس کے خاتمہ کیلئے میں نے چارج سنبھالنے کے بعد سختی سے ہدایت کی کہ دفتری اوقات کار میں ہر آفیسر اور اہلکار اپنی سیٹ پر موجود ہوگا تاکہ سائلین کی شکایت کا خاتمہ ممکن ہو سکے اس کے بعد میں نے خود صبح ادارہ کے سرپرائز وزٹ کر کے آفیسران و اہلکاران کی حاضری چیک کی اوراور عدم حاضری پر تحت قواعد کارروائی کی گئی اور آج ادارہ میں ہر آفیسر و اہلکار اپنی جائے تعیناتی پر دفتری اوقات کار میں موجود ہوتا ہے،اس موقع پر عوامی وفود نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات راجہ امجد پرویز علی خان کی جانب سے اٹھائی جانے والی اصلاحات اور ون ونڈو سسٹم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ادارہ پر عوامی اعتماد کی بحالی کو نیک شگون قرار دیا ،وفد نے کہا کہ ادارہ کے اندر بدانتظامی اور الاٹیوں و مشتریوں کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ نے اہل میرپور اور تارکین وطن کا اعتماد بری طرح متاثرکیا جس کے باعث تارکین وطن کا میرپور سے نہ صرف تعلق کمزور ہوا بلکہ سرمایہ کاروں نے میرپور کی بجائے اسلام آباد کا رخ کرلیا تاہم اب قلیل وقت میں اٹھائے گئے انقلابی اقدامات سے تارکین وطن اور سرمایہ کاروں کو میرپور کی جانب متوجہ کیا ہے جو کہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ کی پالیسوں پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے ۔