وفاقی حکومت کل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کریگی ،محمد نواز شریف

جمعہ 30 جنوری 2015 17:38

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کل ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کرے گی ، جس کے ثمرات عوام کو پہنچیں گے ۔ اس کمی سے نہ صرف افراط زر میں مزیدکمی ہو گی بلکہ کاشت کاروں کو بھی اس کا فائدہ ہو گا اور اس کمی سے ملک کی معیشت ترقی کرے گی ۔ بجلی کا بحران سنگین معاملہ ہے ۔

حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اپنی مدت کے دوران بجلی کی کمی کا مسئلہ حل کر دیں اور انشاء اللہ اپنی حکومت کی مدت کی تکمیل تک نہ صرف بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا بلکہ ہماری کوشش ہو گی کہ اضافی بجلی ملک میں موجود ہو ۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اسپیڈی ٹرائل کورٹس قائم کیے ہیں اور جلد ان عدالتوں میں دہشت گردوں کے خلاف مقدمات کی سماعت شروع ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ہماری حکومت کا مشن ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اپنے مسائل کو مذاکرات کے ذریعہ حل کریں ۔ ہمیں خوشی ہو گی کہ دونوں جماعتیں مل کر دوبارہ صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں ۔ مجھے نہ سیاست کا شوق ہے اور نہ اقتدار عزیز ہے بلکہ میرا مشن پاکستان کی ترقی ہے ۔ صوبے خصوصاً کراچی میں امن وامان قائم کرنے کا کریڈٹ شاہ صاحب ( وزیر اعلیٰ سندھ ) کو جاتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ، بابر غوری ، اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین منیر کمال اور سینئر اسٹاک ممبر عقیل کریم ڈیڈی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین نے وزیر اعظم کو اسٹاک کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

وزیر اعظم نے اسٹاک ایکسچینج میں دوپہر کا کھانا بھی کھایا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کی بہتری کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ ایم کیو ایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لیے آئی جی سندھ کو حکم دیا ہے ۔ وہ 30 دن میں رپورٹ پیش کریں گے جبکہ اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے عدالتی کمیشن بھی قائم کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

جس کے بننے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا اور ماورائے عدالت قتل کی شکایات کی تحقیقات کے بعد اصل وجوہات سامنے آجائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان بنایا گیا ہے اور اسی پلان کے تحت اسپیڈی ٹرائل کورٹس قائم کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان جو مسائل ہیں ، ان کو بات چیت کے ذریعہ حل ہونا چاہئے اور دونوں جماعتیں مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے تحفظات کو سنیں ۔

میری مدد کی ضرورت ہے تو میں حاضر ہوں ۔ جب آپ بلائیں گے میں کراچی آوٴں گا ۔ آپ اسلام آباد آنا چاہتے ہیں تو وہاں آئیں ۔ کراچی اور سندھ میں امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل اس وقت بڑے گھمبیر ہیں ۔ توانائی کابحران ہے ۔ اس کے حل کے لیے حکومت پاور پلانٹس لگا رہی ہے ۔ امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی ہے ۔ اس کے اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔ افراط زر کم ترین سطح پر آ گیا ہے ۔ اس میں مزید کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں آنے سے قبل الیکشن 2013ء کے وقت اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی شرح 19916 تھی ، جو اب بڑھ کر 34606 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کے ایس ای کے چیئرمین کمال منیر کو مبارک باد دی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان دشمن قوتوں سے ہوشیار رہنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اہم دہشت گردوں کے خلاف مقدمات تیزی سے چلانے کے لیے اسپیڈی ٹرائل کورٹس قائم کیے گئے ہیں اور ان دہشت گردوں کو ہم کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :