مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ،مفاہمت کیلئے دروازے سب جماعتوں کیلئے کھلے ہیں ،قمر منصور

جمعہ 30 جنوری 2015 17:38

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان کے انچارج قمر منصور نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور مفاہمت کے لیے ہمارے دروازے سب جماعتوں کیلئے کھلیں ہیں ۔ اگر پیپلز پارٹی ہم سے بات کرنا چاہتی ہے تو اسے اپنی سیاسی روش تبدیل کرنا ہو گی ۔ وہ جمعہ کو گورنر ہاوٴس میں امن وامان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ ہاوٴس پر حملہ نہیں بلکہ ایم کیو ایم اپنے ماورائے عدالت قتل ہونے والے کارکنوں کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لیے وزیر اعلیٰ ہاوٴس کے باہر گئے تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہم پر الزام لگایا کہ ہم نے سی ایم ہاوٴس پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد کرنا ہمارا حق ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اجلاس میں سرزنش کی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ پولیس کو غیر قانونی اقدامات سے باز رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اس وقت ایم کیو ایم کے لیے مقبوضہ شہر بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی بنائی جائے ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سادہ لباس اہلکار گرفتاریاں نہیں کریں گے اور اگر یہ اقدام کیا گیا تو یہ ان کے احکامات کی نفی ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے چوہدری نثار علی خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے ماورائے عدالت قتل ہونے والے کارکنوں کے معاملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری قائم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔

متعلقہ عنوان :