کراچی چیمبرکاایف بی آر سے سیلز ٹیکس آڈٹ نوٹسز کی وضاحت کا مطالبہ

جمعہ 30 جنوری 2015 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی نے فیڈرل آف ریونیو(ایف بی آر) سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس گزاروں کو متواتر جاری کیے جانے والے سیلز ٹیکس آڈٹ نوٹسز کے حوالے سے پائے جانے والے ابہام کو دور کرنے کے لیے وضاحت جاری کی جائے۔ایف بی آر کے ممبر آئی آر پالیسی شاہد حسین اسد کو ارسال کیے گئے ایک خط میں کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے کہاکہ ایف بی آر کو ایف ٹی آر(فکسڈ ٹیکس ریجم) میں ٹیکس گزاروں کو جاری کیے گئے سیلز ٹیکس آڈٹ نوٹسز واپس لینے کے حوالے سے الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا میں وضاحت جاری کرنی چاہیے۔

محمد ابراہیم کوسمبی نے باربار اپیلوں کے باوجود فکسڈ ٹیکس ریجم میں رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں کو نوٹسز سے مستثننیٰ قرار نہ دینے پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کے سی سی آئی کی ممبرز فرمز کو مسلسل سیلز ٹیکس آڈٹ نوٹسزموصول ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایف ٹی آر میں رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں کوآڈٹ نوٹسز کا اجراء بے سود ثابت ہونے کے علاوہ ایف بی آر اور ٹیکس گزاروں کے وقت کے ضیاع کا باعث ہے حالانکہ ٹیکس گزار پہلے ہی 3 فیصد ویلیو ایڈیشن اور17 فیصد سے زائد جی ایس ٹی ادا کرتے ہیں۔

کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے کہاکہ واضح پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ایسے ٹیکس گزار جنہیں سیلز ٹیکس آڈٹ کے نوٹسز موصول ہوئے ہیں انہیں ہراساں کرنے اور فیلڈ افسران، آئی آر انتظامیہ کی جانب سے بے جا دستاویزات طلب کیے جانے کا سامنا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس جانب توجہ دیتے ہوئے ایماندار ٹیکس گزاروں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے جو مسلسل کراچی چیمبرسے مدد طلب کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :