مویشی پال کسان معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،محب اللہ خان،

حکومت ان کی ترقی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئی ایک سکیموں پر عمل پیرا ہے،وزیر لائیو سٹاک خیبرپختونخوا

جمعہ 30 جنوری 2015 18:24

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ،کوآپریٹو اور ڈیری ڈویلپمنٹ محب اللہ خان نے کہا ہے کہ مویشی پال کسان معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسلئے حکومت ان کی ترقی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئی ایک سکیموں پر عمل پیرا ہے،ان سکیموں کی تکمیل سے مویشی پال افراد بھر پور فائدہ اٹھا کر معیشت کے استحکام اور عوام کی خدمت میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعہ کے روز ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ،لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ کے دفتر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے تجویز کردہ منصوبوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر غفران اللہ ، ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر شیرمحمد ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ لائیو سٹاک احمد سید خان کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں ، ادویات کی باقیات تشخیص و تدارک ، لائیو سٹاک ریسرچ سنٹر دیر ، دودھ کی مصنوعات کی پیداوار اور فروغ کے لئے سبز چارہ جات کی تحقیقات ، لائیو سٹاک ریسرچ صوابی کے قیام ، ملاکنڈ ڈویژن میں سانن بکریوں کے زریعے مقامی بکریوں کی نسلی افزائش میں ترقی کے منصوبے شامل ہے۔اسی طرح تجویز کردہ منصوبوں میں مقامی جانوروں کی گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لئے بیف کیٹل کا تعارفی منصوبہ ، دودھ اور گوشت کی معیاراور مقدار بڑھانے کئے پائلٹ منصوبہ ، خیبر پختونخوا میں بچھڑوں کی اموات کے تداراک کا منصوبہ، بیماروں کی تشخیص کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات کا منصوبہ ، خیبر پختونخو امیں جانوروں سے انسانوں اور انسانوں لگنے والی بیماریوں پر تحقیق ، ہزارہ ڈویژن میں مرغیوں میں رانی کھیت اور زکام کی بیماری کی تشخیص کے لئے تحقیقی لیبارٹری کے قیام کا منصوبہ ، نوشہرہ میں ویٹرنری ویکسین مرکز کے قیام کا منصوبہ ، سوات میں پولٹری سیکٹر کے ترقی کے لئے تحقیق کا منصوبہ ،سنٹر آف اینمل نیوٹریشن پشاور میں جدید غذائی طریقہ کار متعارف کرانے کا منصوبہ اور جارسدہ میں تحقیقات و امراض کے لئے مرکز کا قیام کا منصوبہ شامل ہیں ۔

اجلا س میں مذکورہ بالا ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔ اور انہیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرکے عملی کام شروع کرنے کی سفارش کی گئی تاکہ غریب عوام جلد از جلد ان ترقیاتی سکیموں سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی محب اللہ خان نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں سے غریب مویشی پال افراد کو براہ راست فائدہ ہو گا مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے غریب مویشی پال افراد زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرکے نا صرف اپنی آمدنیوں میں اضافہ کرسکیں گے بلکہ صوبے اور ملک کی پیداوار میں بھی زیادہ سے زیادہ اضافہ کرکے ملک اور قوم کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :