حکومت آزادکشمیر خطہ میں حقیقی معنوں میں تعلیمی اصلاحات نافذ کرناچاہتی ہے، محمد مطلوب انقلابی

جمعہ 30 جنوری 2015 19:05

میرپور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)آزادکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ نظام تعلیم کی بہتری اور ترقی کے لیے اساتذہ کاکردار بڑااہم ہے کالج اساتذہ آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں کوالٹی آف ایجوکیشن اور امتحانی نتائج بہتربنائیں تاکہ سرکاری کالجوں پرعوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔ اساتذہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کے ہاتھوں میں قوم اور ملک کی بھاگ ڈورہے جب تک استاد کا کردار مثبت اور ان کے رویے بہترنہیں ہونگے توطلباء وطالبات میں علم حاصل کرنے کی جستجو بھی مانند پڑجائے گی۔

حکومت آزادکشمیر خطہ میں حقیقی معنوں میں تعلیمی اصلاحات نافذ کرناچاہتی ہے تاکہ آزادکشمیر بھرکے غریب عوام کو یکساں تعلیمی مواقع مل سکیں۔ اس مقصد کے لیے آزادکشمیرمیں یکساں تعلیمی نصاب بھی رائج کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانھوں نے دوروزہ تعلیمی کانفرنس کے اختتام پر میڈیانمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر ہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی نے کہاکہ دوروزہ تعلیمی کانفرنس کامیاب رہی ہے جس سے آزادکشمیرمیں معیار تعلیم کوبڑھانے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔

پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیرمیں اس طرح کی تین تعلیمی کانفرنسز پہلے منعقد کی ہیں جس سے آزادکشمیرکے تعلیمی اداروں کے نتائج میں بہتری آرہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم وتربیت دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔ تعلیمی ترقی کے بغیرنہ توکوئی ملک اور نہ ہی قوم ترقی کر سکتی ہے ۔ اس وقت پاکستان کو جن مسائل کا سامناہے اس کے حل کے لیے بھی ضروری ہے کہ نئی نسل کو دورجدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں ضرورت اس امرکی ہے کہ اساتذہ قوم کی توقعات کے مطابق درس وتدریس کے عمل کو احسن طریقے سے سرانجام دیں اور معیار تعلیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں۔

انھوں نے کالج اساتذہ سے اس توقع کا اظہارکیاکہ تعلیمی کانفرنس میں جن تجاویز کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کروائی ہے وہ تمام کی تمام کالج اساتذہ کے متعلق ہیں تعلیمی ترقی کے لیے کالج اساتذہ کا جو کلیدی کردار ہے وہ اداکریں حکومت ان کے جملہ مسائل ومعاملات حل کرے گی۔ کالج اساتذہ کو معاشی لحاظ سے مضبوط دیکھناچاہتے ہیں تاکہ انھیں فکرمعاش نہ ہواور وہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر دیں۔