موسم بہار کی شجرکاری مہم 2015 کے دوران12 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر،

مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ محمد عارف خان، سیکریٹری وزارت کلائمیٹ چینج کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں اور آزادکشمیر گلگت بلتستان کے اعلی حکام کی شرکت

جمعہ 30 جنوری 2015 19:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) موسم بہار کی شجرکاری مہم 2015 کے دوران آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 12 ملین پودے لگائے جائیں گے۔ اس امر کا فیصلہ سیکریٹری وزارت کلائمیٹ چینج عارف احمد خان کی زیر صدارت وزارت کلائمیٹ چینج میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیاجس میں چاروں صوبوں ، آزادکشمیر و گلگت و بلتستان کے سینئر افسران اور مختلف دیگر محکموں ، اداروں ، سول سوسائٹی اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا موسمی تغیرات کے منفی اثرات سے نمٹنے اور ملک میں جنگلات کی کمی دور کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تما م شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بناکر ماحولیاتی کثافتوں کو دور کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام صوبائی محکمہ جنگلات اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ موسمی تغیرات سے پوری دنیا کو اس وقت ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے وفاقی وزیر ماحولیاتی مشاہد اللہ خان کی ہدایات پر خصوصی اقدامات اٹھائے جائے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے ریڈپلس اور اسی نوعیت کے دیگر پروگراموں کو خوش آئند قرار دیا۔ چیف کنزرویٹر فاریسٹ ڈاکٹر شفیق الرحمن نے کہاکہ امسال موسم بہارکی شجرکاری مہم کے موقع سانحہ آرمی پبلک سکول کے دوران شہید بچوں کے نام پر پودے لگائے جائیں گے۔ چیف کنزویٹر فاریسٹ سندھ حید ررضا نے اس تجویز کی حمایت کی ۔ ممبرانوائرمنٹ سی ڈی اے مصطفین کاظمی نے کہاکہ شہدا پشاور کی یاد میں اسلام آباد میں سکولوں کے بچوں اور سرکاری ملازمین کی شرکت سے شجرکاری کی جائے گی۔

اس مقصد کے لئے پودے مفت فراہم کئے جائیں گے اور ان پودوں کو شہداپشاور کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ آئی جی فاریسٹ محمود ناصر سید نے ریڈ پلس کے حوالے سے فاریسٹ افسران کیلئے منعقد تربیتی ورکشاپس اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر 10 فروری کو یوم شجرکاری کو شہدا پشاور کے نام کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ وفاقی وزیر کلائمیٹ چینج مشاہد اللہ خان صدر مملکت ممنون حسین سے اس موقع پر ایوان صدر میں شہدا پشاور کی یاد میں پودا لگانے کی درخواست کریں گے۔

متعلقہ عنوان :