تعلیم کے ذریعے ملک سے دہشت گردی ،انتہا پسندی کا خاتما ممکن ہے ، مرتضیٰ جاوید عباسی،

شمالی وزیرستان کے عوام نے اپنا حال قو م کے بہتر مستقبل کیلئے قربان کیا ، حکومت شمالی وزیرستا ن کے بے گھر افراد کو بہتر سہولیات کی فر اہمی ،گھروں کو واپسی ،بچوں کو تابناک مستقبل دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے، قائمقام سپیکرقو می اسمبلی کی وفد سے گفتگو

جمعہ 30 جنوری 2015 19:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) قائمقام سپیکر مر تضیٰ جاویدعباسی نے کہاہے شمالی وزیرستان کے عوام نے اپنا حال قو م کے بہتر مستقبل کے لیے قربان کیا ہے ۔حکومت شمالی وزیرستا ن کے بے گھر ہونے والے افراد کو بہتر سہولیات کی فر اہمی ,اُن کی اپنے گھروں کو واپسی اور اُن کے بچوں کو تابناک مستقبل دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ آئی ڈی پیز کی مدد اور ان کی بحالی کے کاموں میں بڑچڑ کر حصہ لینا ہم سب کی بھی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہزارہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہزارہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر سعید سواتی کی سر براہی میں قائمقام سپیکر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ اور ممبرقو می اسمبلی ملک ابر ار احمد بھی موجود تھے ۔قائمقام سپیکر نے کہاکہ بچے قو م کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں اور قو م کے روشن مستقبل کے لیے اُن کی بہتر تعلیم و تر بیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور اس کشیدہ ماحول کی وجہ سے نہ صرف آئی ڈی پیز کے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں بلکہ اس جنگ کی وجہ سے اُن کی تعلیم بھی برُی طرح متاثر ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہIDPsکے بچوں کو بہترتعلیمی ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف تعلیم کے ذریعے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتما ممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئی ڈی پیز کے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے کا مثالی جذبہ پایا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ IDPsکے بچوں میں خوداعتمادی کوبحال کرنے, انہیں اس کشیدہ ماحول سے باہر نکالنے اور ان کی بہتر نشوونما کے لیے ضروری ہے کہ اُنہیں اچھے سکولو ں میں تعلیم دی جائے ۔

انہوں نے IDPsکے بچوں کی تعلیم کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہزارہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے وفد کے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنے سکولوں میں آئی ڈی پیز کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے لیے خصوصی انتظامات کریں ۔ہزارہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر سعید سواتی نے قائمقام سپیکر کو ہزارہ ڈویژن میں پرائیویٹ سکولوں میں IDPsکے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے بچوں کو تعلیم دینا کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے اور ہزارہ ڈویژن کے پرائیویٹ سکولوں نے ہمیشہ ہر کارخیر میں بڑ ھ چڑ ھ کر حصہ لیاہے انہوں نے کہا کہ 2005کے زلزلے کے مستحق طلبا اب تک ہزارہ ڈو یژن کے پرائیویٹ سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ قائمقام سپیکر نے اس سلسلے ہزارہ ڈویژن کے پرائیویٹ سکولو ں کی سطح پر ایک میٹنگ جس میں سب سکولوں کے نمائندے شامل ہوکی تجویز دی جس سے وفد کے شرکاء نے اتفاق کیا۔

قائمقام سپیکر نے کہاکہ IDPsکے بچے ہمارا مستقبل ہیں اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کریں انہوں نے ہزارہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ ملک کے دیگر علاقوں کے پرائیویٹ سکولوں کوبھی اسی جذبے کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے ۔وفد کے شرکاء نے قائمقام سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی پالیسیوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔