الطاف حسین کے نام سے منسوب یونیورسٹی کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھے جانے پر حصول علم کی متمنی سندھ کی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، نوید قائم خانی

جمعہ 30 جنوری 2015 19:17

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے کی ہے ۔ اور یونیورسٹی کی تعمیر کے آغاز کو سندھ میں تعمیر و ترقی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ زرخیز زرعی زمینوں اور قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ء سندھ کی عوام کا ہر دور میں استحصال کیا جاتا رہا ہے ۔

جس کے باعث سندھ کی عوام کی اکثریت آج بھی غربت اور افلاس کے مسائل سے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے قائد تحریک الطاف حسین کے سواء کسی بھی سیاسی و مذہبی رہنما نے عملی اقدامات نہیں کئے ۔ قائد تحریک الطاف حسین کی برسہا برس کی جدوجہد کے نتیجے میں حیدرآباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کی تعمیر کا آغاز سندھ میں تعلیم کے فروغ کی جانب ایک انقلابی قدم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی اور بلآخر علم کی مستقل مزاجی کے سامنے جہالت کی تمام تر طاقت اور غرور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین یونیورسٹی کے قیام کے نتیجے میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ گردو نواح کے اضلاع کی عوام کی ایک بڑی تعداد فیضیاب ہو گی ۔ اور با صلاحیت نوجوانوں کو حصول علم کی خاطر دور دراز علاقوں میں دربدر بھٹکنا نہیں پڑے گا۔

نوید احمد قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے تاریخ ساز جدوجہد کرنے پر قائد تحریک الطاف حسین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے وژن کے مطابق آنے والے دنوں میں پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں یونیورسٹیاں قائم ہوں گی ۔ اور پاکستانی قوم دہشت گردی کے بجائے اپنی علم دوستی کی صفت کے ذریعے پوری دنیا میں پہچانی جائے گی۔