توہین آمیز خاکوں کے خلاف عالمی جماعت اہلسنت کی اپیل پر ملک بھر میں یوم عشق رسول منایا گیا،

جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے عشق رسول کے موضوع پر خطابات کئے ،گستاخانِ کے خلاف مذمتی قرارداتیں منظور کیں

جمعہ 30 جنوری 2015 19:24

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء ) توہین آمیز خاکوں کے خلاف عالمی جماعت اہلسنت کی اپیل پر ملک بھر میں یوم عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطابات کئے اور گستاخانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف مذمتی قرارداتیں منظور کیں۔ جمعہ کے اجتماعات میں عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خاکوں کی اشاعت کرنے والوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز خاکے جاری کرنے والوں کا ایک ہی علاج الجہاد، الجہاد جبکہ نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں نماز جمعہ کے بعد داتا دربار چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے عالمی جماعت اہلسنت کے مرکزی امیر مفتی پیر سید مصطفی رضوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، صاحبزادہ سید مختار رضوی، ڈاکٹر احمد شکیل صدیقی، مفتی غلام حسن، پروفیسر محمد حسین، علامہ آصف برکاتی، مفتی محبت علی رضوی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کرنے والوں نے ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمانوں کی دل آزاری کرکے دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کی ہے جو قابل مذمت اور قابل نفرت ہے انہوں نے کہا کہ ہماری زندگیاں ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امانت ہیں۔

علماء نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینی پڑی تو دیں گے۔ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کرنے والوں کی معافی کسی صورت قابل قبول نہیں انہیں پھانسی دی جائے۔ علماء نے کہا کہ ہمارے حکمران تمام اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کردار ادا کریں۔