ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا جامشورو ریلوے پھاٹک پرناجائز تجاوزات کانوٹس ،تین روز کے نوٹس کے بعدغیرقانونی تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ

جمعہ 30 جنوری 2015 20:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدر شاہ نے جامشورو ریلوے پھاٹک پرناجائز تجاوزات کانوٹس لے لیا، تین روز کے نوٹس کے بعدغیرقانونی تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ۔ڈویژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدرشاہ نے ریلوے کراسنگ جامشورو پر غیرقانونی تجاوزات کے باعث ٹریفک نظام اور لوگوں کی آمدورفت میں بڑھتی ہوئی مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جمعہ کو ڈی سی سیکریٹریٹ جامشورو ایٹ کوٹری میں ہنگامی اجلاس طلب کرکے مسائل کے حل کیلئے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سہیل ادیب بچانی اور ایس ایس پی نعیم احمد شیخ کے علاوہ رینجرز، محکمہ پولیس، ریلوے،ریوینیو،ہائی ویز اور دیگراداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ روزمرہ کی معمولات زندگی میں آمدرفت کا نظام بہت اہمیت کا حامل ہے جبکہ مختلف مقامات باالخصوص ریلوے کراسنگ جامشورو پر یہ مسئلہ دن بدن انتہائی پیچیدہ ہوتا جارہا ہے اس پر فوری توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے اس سلسلے میں اجلاس کے شرکاء سے تجاویز بھی لیں، انہوں نے بتایا کہ کوٹری ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج کیلئے فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں اور اس کی تکمیل کے بعد جامشورو پھاٹک پر بھی اوورہیڈ برج بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، ڈپٹی کمشنر جامشورو نے انکروچمنٹ ہٹانے کے انتظامات کے بارے میں اجلاس کو بتایا کہ یہ راستہ نیشنل اور انڈس ہائی ویز سے ملحقہ ہونے کے ساتھ یہاں پر سندھ کی تین بڑی جامعات، کیڈٹ کالج پٹارو، سینڈوز کمپنی اور دیگر اہم ادارے بھی قریب میں ہی واقع ہیں لہٰذا اس جگہ ٹریفک کی بلاتعطل آمدورفت اشد ضروری ہے، مسئلے کے حل کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد طے کیا گیا کہ چونکہ یہ راستہ ہائی ویز ڈپارٹمنٹ سے وابستہ ہے جس سے رابطہ کرکے وہاں پر موجود ناجائز تجاوزات کو تین روز کے نوٹس کے بعد فوری طور پر ہٹاکر دونوں جانب دس سے پندرہ فٹ چوڑاہی تک صا ف کرنے کے علاوہ وہاں پر موجود بس،سوزوکی،رکشہ اسٹینڈ اور ٹھیلے والوں کیلئے متبادل جگہ فراہم کرنے کا بھی انتظام کیا جائیگا، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ کمیٹی کی زیرنگرانی متعلقہ حکام جگہ کا سروے کرکے جلد ہی ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ کرے گی جس میں دوکانوں اور ہوٹلوں کی اراضی، گاڑیوں کی پارکنگ، مستقل ٹریفک مینجمنٹ ، بیریئرز کی تنصیب اور دیگر امورکے تعین کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا، بعد ازاں ڈویژنل کمشنر نے تعلقہ ہسپتال کوٹری کا اچانک معائنہ کرکے عملے اور مریضوں سے فراہم کی جانے والی صحت کی سہولتوں سے متعلق معلومات حاصل کیں اور احکامات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :