73شہروں میں ٹیلی نارپاکستان کے3Gصارفین کی تعداد 26لاکھ سے تجاوز کر گئی

جمعہ 30 جنوری 2015 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)ٹیلی نار پاکستان نے ملک بھر کے 73شہروں میں 26لاکھ سے زائد صارفین کو عمدہ 3Gسروس فراہم کرتے ہوئے ملک کے سب سے وسیع اور تیزی سے بڑھتے ہوئے 3Gنیٹ ورک کی حیثیت سے اپنی فوقیت برقرار رکھی ہوئی ہے۔موجودہ 3Gرول آؤٹ کے مرحلے میں ٹیلی نار پاکستان اپنی سروس پبی، کرک،شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لکی مروت، میانوالی، خیبر ایجنسی اور وہاڑی میں شروع کرے گا۔

ان شہروں میں ٹیلی نار پاکستان کے صارفین دو ہفتوں تک مفت 3Gٹرائل سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔تاہم صارفین کو مفت سروس ختم ہونے کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس اور ٹیلی نار پاکستان کی ویب سائٹ پر دی جائے گی۔3Gکی ٹرائل سروس کے دوران صارفین روزانہ 50MBتک مفت انٹرنٹ استعمال کرسکیں گے جبکہ 2Gڈیٹا سروس حسبِ معمول چارج کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے چیف مارکیٹنگ آفیسر عرفان وہاب خان نے کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں26لاکھ سے زائد 3Gاستعمال کرنے والے صارفین ٹیلی نار پاکستان کا سب کو سستا اور بہترین انٹرنیٹ فراہم کرنے کے عزم کی ترجمانی کرتی ہے۔

ملک میں 3Gکو فروغ دینے کی غرض سے ہم نہ صرف شہروں کے اندر 3Gسائیٹس کا اضافہ کر رہے ہیں بلکہ مسلسل نئے شہروں میں بھی 3Gسروس متعارف کر ا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کو فروغ دیتے ہوئے ہم ملک میں انٹرنیٹ کے معاشی و معاشرتی کردار کو تقویت دینے کے لئے پر عزم ہیں جس کی بدولت لوگ 3Gسے مزید مستفید ہوسکیں گے۔ واضح رہے کہ 2013ء میں ٹیلی نار پاکستان نے اپنے نیٹ ورک کو جدید تقاضوں پر مبنی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا تھا جس میں بیس اسٹیشنز سے لے کر ویلیو ایڈیڈ سروسز تک کمیونیکیشنزکے تمام شعبوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا تھا۔

ٹیلی نار پاکستان ملک کا پہلا آپریٹرہے جس نے تمام نیٹ ورک کو مکمل طورپر جدید ترین کیا تھا۔ نصب کئے گئے آلات24فیصد کم توانائی استعمال کرنے کے علاوہ انٹیلی جنٹ پاور مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کم بجلی کو موثر انداز میں استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں کاربن امیونیشن کم ہونے کی وجہ سے ٹیلی نار پاکستان موثر انداز میں ایندھن استعمال کرنے والی ملک کی سب سے بڑی کمپنیز میں سے ایک بن گئی ۔