ریسکیو15بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے تین دہشت گردوں کو47،47بار موت کی سزا کا حکم

عابد اکرم، سرفراز اور شبیر کوعمر قید اور انفرادی طور پر 2کروڑ، 53لاکھ،51ہزار 500 روپے جرمانے کی بھی سزا، تینوں دہشت گروں نے مئی2009میں دونوں دفاتر پر حملہ کیا جس میں26افراد ہلاک اور337زخمی ہوئے تھے ، دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں پراسیکیوٹرز کا مرکزی کردارہے‘ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ رانا مقبول احمد کی گفتگو

جمعہ 30 جنوری 2015 21:49

ریسکیو15بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے تین دہشت گردوں کو47،47بار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء ) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نمبر Iنے ریسکیو15بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے حملے میں ملوث تین دہشت گردوں عابد اکرم، سرفراز اور شبیر کو47،47 بار سزائے موت اور ایک بار عمر قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تینوں دہشت گردوں کو انفرادی طور پر 2کروڑ، 53لاکھ،51 ہزار 500 روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

ترجمان محکمہ پراسیکوشن کے مطابق 27مئی 2009 کو مسلح دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ہمراہ لاہور میں ریسکیو 15 کی مرکزی بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیا جس میں 26افراد جاں بحق اور 337زخمی ہوئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم عابد اکرم کو لاہور کے علاقے شاہدرہ جبکہ ملزمان سرفراز اور شبیر کو فیصل آباد کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ان ملزمان پر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا جہاں آج جرم ثابت ہونے پر تینوں دہشت گردوں کو سزا سنائی گئی ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رائے آصف محمود نے اس مقدمے میں ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو سزا دلوائی۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و سابق آئی جی رانا مقبول احمد نے فیصلے کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے قابل پراسیکیوٹرز کا قلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرمان کو عدالت سے سزا دلوا کر پراسیکیوٹرز عوام کاانصاف کے نظام پر اعتماد بحال کر رے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پراسیکیوشن اس مشن کے ساتھ کام کر رہا ہے کہ کوئی گناہ گار قانون کے شکنجے سے بچنے نہ پائے اور تمام بے گناہ خود کو محفوظ تصور کریں۔

متعلقہ عنوان :