خیبرپختونخوا حکومت کرپشن ،اقرباپروری سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے مصروف عمل ہے، محمود خان،

ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن ،بدعنوانی کا دور ختم ہوگیا ،عوام کسی سرکاری منصوبے میں گڑ بڑ کی نشاندہی کریں تو ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ،صوبائی وزیرآبپاشی

جمعہ 30 جنوری 2015 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت اپنے قائد عمران خان کے وژن کے مطابق کرپشن اور اقرباپروری سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے مصروف عمل ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں کمشن اور بدعنوانی کا دور ختم ہوگیا ہے عوام کسی بھی سرکاری منصوبے میں گڑ بڑ کی نشاندہی کریں تو اس کے ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

وہ مردان میں حیدر خان کلی سے شاہ نور پل تک کورغ برانچ کینال روڈ کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد شاہ نور پل میں عمائدین علاقہ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے اجتماع سے صوبائی اسمبلی کے رکن اور ڈیڈیک کے چیئرمین افتخار علی مشوانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

منصوبے پر 14 کروڑ اور تین لاکھ روپے لاگت آئے گی جو دوسال میں مکمل کیا جائے گا ۔

اس موقع پر چیف انجنئیر محکمہ آبپاشی ریاض احمد خان ، ایس ای مردان عطاء الرحمان ، ایگزیکٹیو انجنئیر مسلم خان اور ایس ڈی اوز مشرف شاہ اور احمد خان بھی موجود تھے ۔ محمود خان نے کہا کہ ماضی میں سیاسی اور دیگر وجوہات کی وجہ سے نظر انداز کیے گئے علاقوں کی ترقی ہماری اتحادی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ہم صوبے کے تمام علاقوں کی بلاامتیاز ترقی پر یقین رکھتے ہیں اور کسی علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں بھل صفائی مہم تیزی سے جاری ہے اور نہروں کی صفائی کاکام مکمل کیا جارہا ہے ماضی میں بھل صفائی کے حوالے سے صرف زبانی دعوے کیے جاتے تھے جبکہ حقیقت میں فنڈزہڑپ کیا جاتا تھا لیکن ہماری حکومت نے پروپیگنڈوں اور دعووٴں کی بجائے عملی کام کیا ہے ۔اُنہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں اور خاص طور پر بھل صفائی مہم کی خود نگرانی کریں اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور جہاں بھی کوئی خرابی نظر آئے اس کی نشاندہی متعلقہ ایم پی اے یا پھر وزیر اعلیٰ شکایات سیل سے کریں تاکہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جاسکے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی مشوانی ایم پی اے نے کہا کہ ماضی میں پی کے 26 کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انصاف کے نام پر اقتدار میں آئی ہے اورہمارے دورمیں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پی کے 26 میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں اور تعلیم صحت ، آبپاشی ، آبنوشی اور دیگر شعبوں میں درجنوں منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ سینکڑوں منصوبے زیر تکمیل ہیں ۔

اُنہوں نے مردان کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور وزیر آبپاشی محمو د خان کا شکریہ ادا کیا ۔قبل ازیں ایس ای ایریگیشن عطاء الرحمان نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے بارے میں بر یفنگ دی اور بتایا کہ اس کینال پٹرول روڈ سے علاقے کے لوگو ں کو سہولت میسرآئے گی ۔

متعلقہ عنوان :