Live Updates

پی ٹی آئی کی حکومت صوبہ کے حقوق،انتظامی معاملات اور امن و امان کے قیام میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،سکندرشیرپاؤ

جمعہ 30 جنوری 2015 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبہ کے حقوق،انتظامی معاملات اور امن و امان کے قیام میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبہ اور عوام سماجی و معاشی اور اقتصادی بدحالی کے شکنجے میں پھنستے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کے روزحیات شہید کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں یونین کونسل زیم اور شیرپاؤ کے پارٹی کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے گاؤں شیرپاؤمیں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندرشیرپاؤکہا کہ ہماری سیاست کا محور پختونوں اور صوبہ کی ترقی و خوشحالی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو مختلف ادوار میں مختلف نعروں کے ذریعے دھوکہ دیا گیا اور عملی طور پر ان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پختون دوسرے اقوام سے پیچھے رہ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام شدید بد امنی،مہنگائی و بے روزگاری اور پسماندگی سے عاجز آچکے ہیں اوران میں مایوسی پائی جارہی ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ وہ قومی ترقی میں اپناموثر کردار ادا کرسکے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو کئی دہائیوں سے گونا گوں مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پسماندگی،بے روزگاری اور ناسازگار حالات پیدا ہوئے ہیں لہٰذا ان کو قومی معاملات میں مکمل طور پر شامل کرنا اور ان کی احساسات کی ترجمانی کرنا ایک انتہائی احسن اقدام ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کی پسماندگی دور کرنا اوروہاں کے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت ہزاروں بے گھر ہونے والے قبائلیوں کے نقصانات کے ازالے اور آبادی و بحالی کیلئے جامع پلاننگ کرکے انھیں ہر سطح پر ریلیف دیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کاشغر گوادر ٹریڈ روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے کیونکہ اس سے دہشت گردی سے متاثرہ اور پسماندہ اضلاع مزید پستی میں چلے جانے کا اندیشہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ آنے والا دور قومی وطن پارٹی کا ہے کیونکہ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ صوبے کے عوام کا معیارزندگی بلند ہو اور صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن ہو۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،فاٹا زون کے چےئرمین اسد آفریدی،فقیرحسین،ڈاکٹر عالم اور ظفر علی خان بھی موجودتھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات