حماس نے خالد مشعل پر بلا جواز الزام تراشی مسترد کردی

ہفتہ 31 جنوری 2015 12:53

بیروت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) حماس نے بعض عرب اخبارات کی جانب سے جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل پر بلا جواز الزام تراشی مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حماس کے تمام عرب اور مسلمان ممالک کیساتھ یکساں اور گہرے تعلقات قائم ہیں۔ حماس کسی ایک ملک کو دوسرے پر ترجیح نہیں دے رہی ہے۔ حماس نے بعض عرب اخبارات میں شائع خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ حال ہی میں خالد مشعل نے خفیہ طور پر ترک حکام سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ حماس اسلامی جمہوریہ ایران کیساتھ اپنے تعلقات ماضی کی طرح مضبوط کرنے اور عرب ممالک سے ذرا فاصلے پر رہنے کا فیصلہ کررہی ہے۔

اخبارات میں شائع ہونیوالی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے حماس رہنما جمال عیسیٰ نے کہا کہ اخبارات میں جو لکھا اور چھاپا جا رہا ہے اس کا حقیقت سے دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اخبارات میں شائع کی گئی افواہیں ان کے مدیروں کی خود ساختہ کہانیاں ہیں۔ حماس کے کسی ایک ملک کیساتھ نہیں بلکہ تمام عرب اور غیر عرب ممالک کیساتھ یکساں اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

حماس کسی ایک ملک کو دوسرے پر ترجیح نہیں دیتی بلکہ مسئلہ فلسطین کی حمایت کرنیوالے تمام ممالک کے ساتھ برابر کے تعلقات رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات میں من گھڑت کہانیاں چھاپ کر حماس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ حماس عرب ممالک سے فاصلے بڑھانے اور ایران سے قربت پیدا کرنے کے کوشاں ہے حالانکہ حماس نے ماضی میں بھی کبھی اسلامی دنیا سے تعلقات میں کوئی امتیاز نہیں برتا۔جمال عیسیٰ نے کہا کہ حماس ہی کو نہیں بلکہ پوری قوم کو مسلم امہ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ کوئی ایک مسلمان یا عرب ملک فلسطینیوں کی ان ضروریات کی تکمیل نہیں کرسکتا ہے، اس لئے یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ حماس عرب ممالک کو چھوڑ کر صرف ایران سے تعلقات استوار کرے۔