جزیرہ سینا میں پرتشدد حملوں سے کوئی تعلق نہیں، الزام تراشی بند کی جائے، حماس

ہفتہ 31 جنوری 2015 12:54

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) حماس نے مصری میڈیا کی جانب سے جزیرہ نما سینا میں ہونیوالے پرتشدد واقعات کی ذمہ داری جماعت پر ڈالنے کی شرانگیز مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کا جزیرہ سینا کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں، الزام تراشی قابل مذمت ہے۔حماس ترجمان ڈاکٹر صلاح الدین بردویل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مصری اخبارات نے حماس پر بلا ثبوت تنقید کو وطیرہ بنا رکھا ہے۔

مصر میں کسی بھی ناخوش گوار واقعے کا ذمہ دار حماس کا ٹھہرا کر اصل مجرموں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حماس کا عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ جزیرہ نما سینا یا مصر کے کسی بھی دوسرے علاقے میں سرگرم نہیں ہے۔ اس پر الزام تراشی کی سیاست گھٹیا سوچ کی مظہر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مصر میں پرتشدد واقعات پر حماس کو بھی دکھ اور تشویش ہے لیکن ہمیں اس بات کا دکھ بھی ہے کہ مصری اخبارات بغیر کسی ثبوت اور سوچے سمجھے الزامات کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر میں اگر کسی کے پاس پرتشدد واقعات میں حماس کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے، اگر ثبوت نہیں ہیں تو حماس کا میڈیا ٹرائل کسی قیمت پر قبول نہیں ہے۔