اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی بچوں کا ٹرائل انسانیت کیخلاف جرم ہے، الشیخ صبری

ہفتہ 31 جنوری 2015 12:54

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) ممتاز فلسطینی عالم دین اور سپریم علماء کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے اسرائیلی پولیس اور فوج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کی گرفتاری ،عدالتوں میں نام نہاد الزامات کے تحت مقدمات کے قیام کو انسانیت کیخلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔الشیخ صبری نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خود کو ایک جمہوری اور انسانی حقوق کا چمپئن سمجھتا ہے لیکن جس قدر انسانی حقوق کی پامالیاں صہیونی ریاست کی جانب سے کی جاتی ہیں دنیا میں کہیں اور اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس بغیر کسی الزام کے فلسطینی بچوں کو اغواء کرکے ان پر جعلی مقدمات قائم کرتی اور ظالمانہ سزائیں دلواتی ہے۔ اسرائیلی ریاست کے ظالمانہ ہتھکنڈے کا اصل مقصد کم سن فلسطینیوں کے ذہن میں خوف اور رعب طاری کرنا ہے تاکہ وہ بڑے ہو کر تحریک آزادی فلسطین کو آگے بڑھانے سے دور رہیں۔انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کی گرفتاری اور ان کا جوڈیشل ٹرائل دنیا کے کسی بھی قانون کی رو سے درست نہیں ہے۔ اسرائیل دنیا کے تمام انسانی حقوق اور بین لااقوامی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فلسطینی بچوں سے نہایت ظالمانہ سلوک کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :