آل آزاد کشمیر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی کال پر ریاست بھر میں مال بردار گاڑیوں کی پہیہ جام ہڑتال

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:06

کوٹلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) آل آزاد کشمیر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی کال پرریاست بھر میں مال بردار گاڑیوں نے پہیہ جام ہڑتال کی۔ گزشتہ روز پیٹرل ، ڈیزل ،فروٹ سبزیاں ، تعمیراتی سامان ، اشیائے خوردو نوش سمیت ہر طرح کا سامان آزاد کشمیر کے بیشتر شہروں میں نہیں پہنچ سکا ۔ اشیاء کی قلت کا اندیشہ ہے ۔ اس موقع پر آل آزاد کشمیر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن میرپور ڈویژن کے صدر مسعود عارف چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد حکومت کی ملی بھگت سے ریاست کے داخلی راستوں پر کانٹے نصب کر کے فی گاڑی کم سے کم ایک ہزار روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے ۔

جو کسی صورت قبول نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ گاڑی مالکان کے پاس اتنی گنجائش نہیں کہ وہ ہر لووڈ پر ہزار روپے ادائیگی کر سکیں ۔

(جاری ہے)

اگر یہ رقم تاجر وں سے چارج کی جائے گی تو لازمی بات ہے کہ قیمتوں پر اس کا اثر پڑے گا ۔ حیران کن بات یہ ہے کہ کوٹلی کے لئے ہولاڑ کا داخلی راستہ چھوڑ کر سہنسہ کی دو تین یو نین کونسلز سے کئی میل آگے کرائیتوٹ کے مقام پر کانٹا نصب کیا گیا ہے ۔ یعنی کرائیتوٹ سے ہولاڑ تک کا علاقہ اس بھتہ خوری سے مستثنیٰ ہے ۔ مسعود چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کانٹے ہٹائے جانے تک ہم احتجاج جاری رکھیں گے ۔ اور آزاد کشمیر بھر میں فارورڈنگ کی کوئی گاڑی روڈ پر نظر نہیں آئے گی ۔

متعلقہ عنوان :