ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت حاصل کردہ قرضوں پر شرح سود1.5فیصد کمی سے 6فیصد مقرر

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:18

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت حاصل کردہ قرضوں پر شرح سود7.5فیصد سے کم کرکے 6فیصد مقرر کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے انفرااسٹرکچر ہاوٴسنگ اینڈ ایس ایم ای فنانس ڈپارٹمنٹ کے سرکلرکے مطابق نئی شرح سود کا اطلاق پیر2فروری سے تاحکم ثانی کیا جائے گا، کارپوریٹ قرض داروں اور ایس ایم ایز کے لیے بینکوں کا اسپریڈ بالترتیب 1اور 2 فیصد برقرار رکھا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے طویل مدتی قرضوں کی اسکیم (ایل ٹی ایف ایف) کے قرضوں پر بھی شرح سود 9فیصد سے کم کرکے 7.5فیصد مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، اس شرح سود کا اطلاق بھی 2فروری سے تاحکم ثانی 10سال کی مدت تک کے قرضوں پر کیا جائے گا، ایل ٹی ایف ایف اسکیم کے لیے شریک فنانشل انسٹی ٹیوٹ کے لیے اسپریڈ 3، 5 اور 10سال کے قرضوں کے لیے بالترتیب 1.5فیصد، 2.5 فیصد اور 3فیصد برقرار رہے گی۔