سی ڈی اے کا اسلام آباد میں میٹرو منصوبے سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے کام کا آغاز کا فیصلہ،فنڈز میٹرو بس منصوبے سے خرچ کئے جائیں گے

ہفتہ 31 جنوری 2015 15:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء ) سی ڈی اے نے اسلام آباد میں میٹرو منصوبے سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے کام کا آغاز کا فیصلہ کر لیا جس کے لئے تمام مطلوبہ فنڈز میٹرو بس منصوبے سے خرچ کئے جائیں گے جبکہ چیرمین سی ڈی اے معروف افضل نے بھی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے 9thایونیو،ناظم الدین روڈ، حکیم لقمان روڈ اور دیگر بڑی شاہراؤں کی ضروری تعمیر و مرمت کے منصوبے پر فوری کام شروع کیا جائے اسلام آباد کے تمام بڑے روڈز کی مینٹی نینس اور کارپٹنگ کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھائے جائیں ا۔

اس بات کا فیصلہ سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل، کمشنر راولپنڈی زاہد سعیدکے علاوہ سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد، ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرو منصوبے کے باعث نہ صرف آئی جے پرنسپل روڈ کے متاثرہ حصے کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا بلکہ آئی جے پرنسپل روڈ کو مکمل طور پر دوبارہ بنایا جائے گا تاکہ اس شاہراہ پر سے گزرنے والی ٹریفک کو مزید آسانی اور سہولت میسر ہو سکے۔

آئی جے پرنسپل روڈ پر جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے ایل ای ڈی لائیٹس بھی لگائی جائیں گی۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو بتایا گیا کہ میٹرو بس منصوبے کے باعث متاثر ہونے والے اسلام آباد کے تمام روڈز کی تعمیر و مرمت کے کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کے لئے اسلام آباد کے سیکٹر G-9میں کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کی دیگر شاہراؤں کی ضروری تعمیر و مرمت کے منصوبے کا بھی آغاز کیا جا رہاہے۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے 9thایونیو،ناظم الدین روڈ، حکیم لقمان روڈ اور دیگر بڑی شاہراؤں کی ضروری تعمیر و مرمت کے منصوبے پر فوری کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام بڑے روڈز کی مینٹی نینس اور کارپٹنگ کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھائے جائیں۔