قوم نے دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کاتہیہ کرلیاہے،محمد ثروت اعجازقادری

ہفتہ 31 جنوری 2015 16:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) سربراہ سُنی تحریک محمد ثروت اعجازقادری نے کہاہے کہ قوم نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کاتہیہ کرلیاہے لیکن بعض لوگ اپنے مذموم مقاصدکیلئے قومی ایکشن پلان کوناکام بنانے کی سازشیں کررہے ہیں۔قومی ایکشن پلان کسی مخصوص مکتبہ فکرکیخلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہے ۔

دہشتگردوں کو کسی مذہب،مسلک یا فرقہ کی آڑ میں چھپنے کاکوئی موقع نہیں دینا چاہئے۔ جوکوئی بھی دہشتگردی میں ملوث ہیں ان کیخلاف ضرورکارروائی ہونی چاہئے خواہ کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے کیوں نہ ہو۔دہشتگردی کی لعنت نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔قوم کو گمراہ کرنے کی بجائے یکجاکرنے کیلئے کرداراداکیاجائے۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب کی ناکامی کا سوچنے والوں کے خواب کبھی شرمندہٴ تعبیر نہیں ہوں گے۔

پاکستان کے 19کروڑ عوام پا ک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن ریاست کے بغیر آئین و قانون کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ریاست ہوگی توسیاست ہوگی ۔پاکستان کی بقاء اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں یہ جنگ ہر قیمت پر جیتنی ہے اور پاک سرزمین کو امن اور انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جڑواں شہروں کے عہدیداروں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے لاہور سے گرفتار کئے گئے داعش کمانڈر یوسف السلفی کے انکشافات پر شدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے حکومت اورقانون نافذکرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیاکہ یوسف السلفی کے انکشافات کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے۔سانحہ پشاور کے ننھے شہیدوں نے پوری قوم کو دہشتگردی کیخلاف متحد کردیاہے،جب تک طالبان کے حامیوں، ہمدردوں اور سرپرستوں کیفرکردارتک نہیں پہنچایاجائے گاسانحہ پشاورکے ننھے شہیدوں کی روحوں کو سکون نہیں ملے گا۔

پوری قوم دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے متحد اور پرعزم ہے۔کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اس اتفاق رائے کو سبوتاژکرنیکی کوشش کرے۔ انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے اورپاکستان کو ایک بار پھر امن وسلامتی کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔