ورلڈکپ : ویوین رچرڈز کے 10پسندیدہ کھلاڑی محمد عرفان بھی پسندیدہ کھلاڑیوں میں شامل

بدھ 4 فروری 2015 14:01

ورلڈکپ : ویوین رچرڈز کے 10پسندیدہ کھلاڑی محمد عرفان بھی پسندیدہ کھلاڑیوں ..

سڈنی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء ) : دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ یعنی ون ڈے ورلڈکپ 14 فروری سے آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں سج رہا ہے جس میں اس کھیل سے جڑے تمام بڑے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے اور اس موقع پر اس کھیل کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ووین رچرڈز نے میگاایونٹ میں شریک میں اپنے دس پسندیدہ کھلاڑیوں کا انکشاف کردیا ہے۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے رچرڈز کے مطابق ان کے دس کھلاڑی ورلڈ کپ پر اثر انداز ہوں گے اور اس فہرست میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان بھی شامل ہیں۔آئی سی سی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو ورلڈ کپ کے دو بہترین فاسٹ بالرز میں چنا ہے۔رچرڈز کے مطابق آسٹریلین پچز پر عرفان پیس اور باؤنس کیساتھ دنیا کے صف اول کے بیٹسمنوں کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے کے باعث ان کو آسٹریلیا میں فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

رچرڈز کی لسٹ میں جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ولیرز، ویرات کوہلی، کرس گیل، کمار سنگاکارا، گلین میکسویل، اسٹیو اسمتھ، برینڈین میککلم اور ڈیل اسٹین شامل ہیں۔رچرڈز کے مطابق یہ کھلاڑی ورلڈ کپ پر اپنے نقوش چھوڑیں گے اور کنگ رچرڈز کی نگاہیں بھی ان تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مرکوز رہیں گی۔خیال رہے کہ رچرڈز کو 1979 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں سنچری اننگ کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا ۔