مبارک کے انتقام کی آگ 25 فٹ لمبے مگرمچھ کو مار کر ہی بجھی

جمعرات 5 فروری 2015 11:11

مبارک کے انتقام کی آگ 25  فٹ لمبے مگرمچھ کو مار کر ہی بجھی

یوگنڈا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء)دیمتیریا نابیری دیگر عورتوں کے ساتھ یوگنڈا کی جھیل کیوگا(Kyoga) کے کنارے گھر کے لیے پانی بھرنے آئی تھی کہ چار ماہ کی حاملہ دیمتریا کو ایک 25 فٹ لمبا اور 1300 پاؤنڈ وزنی مگر مچھ گھسیٹے ہوئے پانی میں کھینچ کر لے گیا۔ اس کے بعد دیمتریا کبھی نظر نہ آئی۔دیمتریا کے شوہر 50 سالہ مبارک باتامبوزو کو اپنی بیوی کی مگرمچھ کے ہاتھوں ہلاکت کا از حد صدمہ تھا۔

چند دن بعد اسے خبر ملی کہ مگر مچھ علاقے میں واپس آ گیا ہے۔ مبارک اپنے دوستوں کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنے گیا مگر وہ پتھروں اور لاٹھیوں سے اس قامت کے مگرمچھ کا کچھ نہ بگاڑ سکے۔ اس ناکامی کے بعد مبارک ایک مقامی لوہار کے پاس گیا اور اسے کہا کہ ایک 25 فٹ لمبے مگرمچھ نے اس کی حاملہ بیوی کو ہلاک کیا ہے۔

(جاری ہے)

اسے اپنی بیوی کا انتقام لینا ہے، اس کے لیے اسے ایسا نیزہ بنوانا ہے جس سے مگرمچھ کا مقابلہ کیا جا سکے۔

لوہار نے مبارک سے پانچ ڈالر لیے اور اسے نیزہ بنا دیا۔یہ پانچ ڈالر مبارک کے لیے بہت بڑی رقم تھی ، مگرمچھ سے انتقام لینے کے لیے اس نے قیمت کی بھی پرواہ نہ کی نیا نیزہ لے کر مبارک جب دوبارہ پانی کے پاس گیا تو مگر مچھ پانی میں ہی تھا۔ مبارک کے دوستوں نے اسے منع کیا کہ وہ اس درندے پر حملہ نہ کرے مگر مبارک نے انہیں کہا کہ اب وہ خود مرے گا یا پھر اس درندے کو مارے گا۔ اس نے تنہا ڈیڑھ گھنٹے تک اپنے نیزے کے ساتھ اس لمبے اور وزنی مگرمچھ کا مقابلہ کیا ، مبارک کے انتقام کے آگے اس وسیع الجثہ مگرمچھ کی ایک نہ چلی اور وہ مبارک کے ہاتھوں ہلاک ہو گیا۔