یہ وقت ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں پر تنقید کا نہیں ‘ تنقید سن کر کھلاڑی کااعتماد مزید کم ہوگا ‘ ظہیر عباس

جمعرات 5 فروری 2015 11:46

یہ وقت ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں پر تنقید کا نہیں ‘ تنقید سن کر کھلاڑی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء)ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے کہاہے کہ یہ وقت ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں پر تنقید کا نہیں ‘ تنقید کر سن کر کھلاڑی کااعتماد مزید کم ہوگا ‘ صرف سپورٹ کر نے کی ضرورت ہے ‘ ٹائم بہت کم ہے لڑکوں کو زیادہ سے زیادہ پریکٹس کرنی چاہیے ۔ایک انٹرویو میں ظہیر عباس نے کہاکہ یہ وقت ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں پر تنقید کا نہیں، ہماری ٹیم جس برے طریقے سے ہاری سب کو پتا ہے لیکن تنقید سن کر پلیئرز کا اعتماد مزید کم ہوگا، اس لئے اب انہیں صرف سپورٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پچھلے دونوں میچوں میں کھلاڑیوں نے بالنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہت غلطیاں کیں، کپتان مصباح الحق نے خود تسلیم کیا کہ کھیل کے تینوں شعبوں میں ہمارا کمبی نیشن اچھا نہیں تاہم اس وقت ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹیم میں جو لڑکے منتخب ہوئے ان کے پاس پرفارمنس دینے کا موقع ہے، نیوزی لینڈ کے مقابلے میں آسٹریلیا کی وکٹیں کافی زیادہ تیز ہیں ‘ ٹائم بہت کم ہے، لڑکوں کو زیادہ سے زیادہ پریکٹس کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی ٹیم تینوں شعبوں میں ہم سے اچھی ہے، لیکن وہ آسٹریلیا میں اپنے تمام میچز ہاری ہوئی ہے، ہمیں اس چیز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیتنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کم بیک کرے گا، اگر ہندوستان کے خلاف پہلا میچ جیت جاتے ہیں تو ہمیں آگے کے چانسز نظر آئیں گے۔