قومی فٹ بال ٹیم نے افغانستان کے خلاف بھرپور تیاری کی ہے،محمد شملان

جمعرات 5 فروری 2015 11:49

قومی فٹ بال ٹیم نے افغانستان کے خلاف بھرپور تیاری کی ہے،محمد شملان

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد شملان اور کپتان حسن بشیر نے کہا ہے کہ قومی فٹ بال ٹیم نے افغانستان کے خلاف میچ کی بھرپور تیاری کی ہے اور انشاء اللہ ہماری ٹیم جمعہ چھ فروری کو پنجاب اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں فتح حاصل کر یگی۔ فیفا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کوچ اور کپتان نے کہا کہ پاکستانی فٹ بال ٹیم کی رینکنگ افغانستان سے کم درجے کی ہے تاہم ٹیم جذبہ سے میدان میں اترے گی اور جیت کے لئے بھرپور کوشش کرے گی۔

پاکستان کی فٹ بال ٹیم کی پرفارمنس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور ماضی میں ٹیم نے بھارت کو بھی شکست دی ہے ‘ ٹیم صرف دنیا کی مضبوط ٹیموں سے بھرپور مقابلہ کرکے ہاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے خلاف میچ ورلڈ کپ کوالیفائنگ اور انڈر 23اولمپک راؤنڈ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سلسلہ میں میچز 12اور 17مارچ کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہوں گے۔

انڈر 23اولمپک راؤنڈ 23سے 31مارچ تک پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان، کرغستان، ترکمانستان، اردن اور کویت کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہیڈ کوچ محمد شملان نے کہاکہ قومی فٹ بال ٹیم کی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لئے تیاریاں ڈیڑھ سال سے جاری ہیں اور تمام کھلاڑی بھرپور محنت اور لگن سے ٹریننگ کی طرف توجہ دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :