ورلڈ کپ 2015: راحت علی کو جنید خان کی جگہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا

جمعرات 5 فروری 2015 13:58

ورلڈ کپ 2015: راحت علی کو جنید خان کی جگہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا

سڈنی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) قومی ٹیم کے زخمی فاسٹ بولر جنید خان کی جگہ راحت علی کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جبکہ ممکنہ طور پر ٹیم کا حصہ بننے والے بلاول بھٹی بھی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ فاسٹ بولر راحت علی کو زخمی جنید خان کی جگہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ ممکنہ طور پر بلاول بھٹی کو ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان تھا لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بلے بازوں کے عتاب کا نشانہ بننے والے بلاول بھٹی سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا نہ اترسکے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفرا ز نواز نے راحت علی کو ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ راحت علی نے یو اے ای میں کھیلی جانے والی سیریز میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا میں نے پہلے کہا تھا کہ راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا جائے یہ ٹیم کیلئے اچھا ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ سعید اجمل دنیا کا نمبر ون باؤلر ہے اس کیخلاف دوسرے ممالک کی ٹیموں نے سازش کرکے اس کو ورلڈ کپ سے باہر رکھنے کی کوشش کی اور باؤلنگ کا ایشو بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 روزہ میچز میں بلاول بھٹی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن وہ خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکے جب کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 93 رنز دے کر سب سے زیادہ رنز دینے والے پاکستانی بولر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔