پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کامیاب،مارچ کے آخر میں 55 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان

جمعرات 5 فروری 2015 15:11

پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کامیاب،مارچ کے آخر میں 55 کروڑ ڈالر ..

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) پاکستان اورعالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف )کے درمیان دبئی میں ہونیوالے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ،مارچ کے آخر میں آئی ایم ایف سے چھٹی قسط کی مد میں پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے ۔پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈکو آگاہ کیا ہے کہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں تبدیلی نہیں کی جائیگی جبکہ نیشنل ایکشن پلان اور آئی ڈی پیز کیلئے 150 ارب روپے کی ضرورت ہے جس پر آئی ایم ایف نے رقم فراہم کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے ،ٹیکس ہدف میں 60ارب روپے کمی پر دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا ہے جبکہ پاکستان اور آئی ایم ایف جون تک ٹیکس کا ہدف 2750 ارب روپے رکھنے پر بھی متفق ہیں،بتایا گیا ہے کہ پیٹرول سستا ہونے سے ٹیکس آمدنی 68 ارب روپے کم ہوسکتی ہے تا ہم سیلز ٹیکس میں اضافے سے 28 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ کو آگاہ کیا ہے کہ بجلی اور گیس کے نرخ میں رد و بدل نہیں کیا جائیگا۔ مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر سے زائد ہوگئے ہیں اور پاکستان رعایتی قرضوں کا حق دار بن گیا ہے۔ 2013 کے بعد سے معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ستمبر 2013 میں 6.6 ارب ڈالر کا پروگرام طے پایا تھا اور اب تک پانچ قسطوں میں پاکستان کو دو ارب 65 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں اور مارچ کے آخر میں پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر کی نئی قسط جاری کی جاسکتی ہے۔