یوٹیوب25 فروری تک کھول دئیے جانے کا امکان

جمعہ 6 فروری 2015 16:39

یوٹیوب25 فروری تک کھول دئیے جانے کا امکان

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ذرائع کے مطابق وڈیو شیئرنگ کی عالمی شہرت یافتہ ویب سائٹ ”یوٹیوب“25 فروری تک کھول دئیے جانے کا امکان ہے جس کے لئے محکمانہ کارروائی ہو رہی ہے۔ تاہم حکومت اور آئی ٹی منسٹری کی طرف سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ماہرین کی مدد سے ایسا سافٹ ویئر تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو عوامی جذبات خصوصاً مذہبی جذبات مجروح کرنے والی وڈیوز اور”دونمبر“ کلپس کو روکنے کے لیے مدد گار ہوگا۔

” ڈویلپ کئے گئے سافٹ ویئر میں یہ صلاحیت بھی موجود ہے کہ نئی اپ لوڈ ہونے والی”دو نمبر“ ویڈیوز کو ختم کر سکتا ہے تاہم مذہبی جذبات مجروح کرنے والی وڈیوز کی نگرانی کے لئے سپیشل ٹیم پی ٹی اے کی نگرانی میں کام کرے گی کے بارے میں بھی حتمی فیصلہ دو ہفتوں میں کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں ستمبر 2012ء میں یوٹیوب تک انٹرنیٹ کے صارفین کی رسائی پر اس وقت پابندی عائد کردی تھی جب پیغمبر اسلام سے متعلق توہین آمیز ایک فلم ”انوسنس آف مسلمز“ کے کچھ حصے اپ لوڈ کئے اور دیکھے گئے تھے جس کے خلاف پاکستان میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیاجو بعد ازاں پرتشدد صورتحال اختیار کر گیا جس میں کم ازکم 20 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ جلاوٴ گھیراوٴ میں املاک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

تاہم اس پابندی سے خصوصاً طالب علموں کا خاصا حرج ہو رہا ہے جب کہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے لوگوں خصوصاً سیاحت کے شعبے سے وابستہ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ذرائع نے اُردو پوائنٹ کو بتایا کہ یوٹیوب کی مالک کمپنی گوگل سے بھی باقاعدہ یہ درخواست کی گئی ہے کہ وہمذہبی متنازع فلم کو ”بلاک“ کرنے والے سافٹ وئیر متعارف کروائے لیکن گوگل کا کہنا ہے کہ سائبر کرائمز سے متعلق پاکستان میں قانون سازی کی مزید ضرورت ہے۔