کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ ورلڈ کپ کے بعد دیکھا جائے گا، نجم سیٹھی

جمعہ 6 فروری 2015 19:59

کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ ورلڈ کپ کے بعد دیکھا جائے گا، ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہاہے کہ کھلاڑیوں اور پی سی بی کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملہ پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، ورلڈ کپ کے بعد معاملہ حل ہوجائے گا ۔پاکستان سپر لیگ آئندہ سال جنوری فروری میں دبئی میں ہوگی۔کوشش تھی پی ایس ایل پاکستان میں کرائیں لیکن سیکورٹی کے سبب کھلاڑی آنے کو تیار نہیں ہیں۔

بھارتی بورڈ کو دو طرفہ سیریز کے لیے منالیا ہے ۔ دفتر خارجہ کی اجازت ملنے کے بعد ہی قومی ٹیم بھارت جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پرکھلاڑیوں کی جانب سے احتجاج سامنے آنا زیر غور ہے لیکن سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق کوئی ایشو نہیں ہے ورلڈ کپ کے بعد اس پر بات کریں گے جب کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کئے جانے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا ہے اور بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کا اسے پورا اختیار ہے کیوں کہ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے نیوزی لینڈ میں موجود ہے اس لئے جو کھلاڑی بھی اس ایونٹ کے لئے منتخب ہوئے ہمیں انہیں تسلیم کر لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں کی حتمی منظوری دینا ہوتی ہے لیکن اگر چیئرمین یا کوئی اوردرمیان میں آئے تو معاملات مختلف ہوجاتے ہیں۔ایگزیکٹیوبورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں، بنگلادیش کے ساتھ سیریز پر بات ہورہی ہے جب کہ پاک بھارت سیریز کے بعد پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے بھی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد آئندہ سال ہوسکتا ہے جس کے لئے دبئی کا انتخاب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ پی سی ایل میں مقامی کھلاڑیوں سمیت نامور کھلاڑی بھی نظر آئیں گے۔نجم سیٹھی نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش سے معاملہ بھی جلد حل ہوجائے گا، اس کو بلاوجہ طول دیا جارہا ہے ۔ پاکستان کے دورہ بنگلہ دیش سے قبل پی سی بی کو بنگلہ دیش کی میزبانی کرنا ہے اگر بنگلہ دیشی ٹیم پاکسان یا یو اے ای آکر سیریز نہیں کھیل سکتی تو پھر بنگلہ دیش میں ہونیوالی سیریز کو پاکستان کی ہوم سیریز تصور کیا جائے اور ریونیو کو برابر تقسیم کرلیا جائے ۔نجم سٹھی نے کراچی میں سابق کرکٹرز سے بھی ملاقات کی جس میں قومی کرکٹر سے اسٹرکچر میں بہتری کیلئے مشاورت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :