پنجاب کے کئی شہروں میں پتنگ بازی، پانچ سالہ بچی کا گلا کٹ گیا، شہری زخمی

جمعہ 6 فروری 2015 22:25

پنجاب کے کئی شہروں میں پتنگ بازی، پانچ سالہ بچی کا گلا کٹ گیا، شہری ..

شیخوپورہ/ گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6فروری۔2015ء) شیخوپورہ میں دھاتی ڈور نے پانچ سالہ بچی کا گلا کاٹ ڈالا۔ تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ میں کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے پنتالیس سالہ شہری زخمی، ننکانہ صاحب میں تھانے کے اوپر بھی پتنگ لہراتے رہے۔پنجاب کے کئی شہروں میں پتنگ بازوں نے پابندی کا بوکاٹا کر دیا۔

حکومت پنجاب کی پابندی کے باوجود شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں منی بسنت میلہ منایا گیا۔ منچلوں کی طرف سے باقاعدہ بینرز آویزاں کئے گئے۔ بھکھی میں اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سکول سے گھر آنے والی پانچ سالہ مسیرہ خان کا دھاتی ڈور پھرنے سے گلا کٹ گیا اور گردن بچاتے ہوئے ڈور سے ہاتھ بھی زخمی ہو گیا۔ مقامی ہسپتال میں بچی کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے دس افراد گرفتار کر لئے ہیں۔ ننکانہ صاحب کے علاقے وار برٹن میں بھی منچلوں نے حکومتی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔ تھانہ واربرٹن کے اطراف میں بھی دیدہ دلیری کے ساتھ پتنگ بازی کی گئی۔ ادھر گوجرانوالہ میں کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے پنتالیس سالہ شہری زخمی ہو گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ایمن آباد کا رہائشی پنتالیس سالہ حنیف شاہد اپنی بیوی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اپنی بیٹی کو ملنے کے لئے فرید ٹائون آیا ہوا تھا جہاں سے واپس ایمن آباد جاتے ہوئے نہر اپر چناب پر کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے حنیف شاہد بری طرح زخمی ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی حنیف کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں پر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حنیف کا چہرہ بری طرح زخمی ہوا ہے اور اس کی ناک بھی ڈور پھرنے سے کٹ گئی ہے تاہم اس کی بیوی اس حادثہ میں محفوظ رہی۔

متعلقہ عنوان :