آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ ، سینیٹ انتخابات پر گفتگو

ہفتہ 7 فروری 2015 10:50

آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ ، سینیٹ انتخابات پر گفتگو

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری 2015ء) ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں دوریاں ختم ہونے لگیں ، آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ ، دونوں قائدین میں سینیٹ الیکشن اور سندھ کے ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی ، سابق صدر کا کہنا ہے کہ ساتھ چلنے کا معاہدہ ہوا تو دیانتداری سے عمل ہوگا۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان بعد طویل عرصے بعد گفتگو ہوئی جو کافی دیر تک خوشگوار موڈ میں جاری رہی ۔

دونوں رہنماؤں میں ملک کی سیاسی صورتحال اور سینیٹ انتخابات پر گفتگو ہوئی ۔ ایم کیو ایم کے اعلامیہ کے مطابق ماضی کی تلخیوں ، بد گمانیوں اور نا انصافیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اردو بولنے والوں کا سندھ پر اتنا ہی حق ہے جتنا سندھی بولنے والوں کا ہے ، سندھ کو مفاہمت اور افہام و تفہیم کی ضرورت ہے اگر دونوں جماعتوں کے درمیان ساتھ چلنے کا معاہدہ ہوا تو 60/40 کے طے شدہ معاہدے پر مکمل دنیانتداری کے ساتھ عمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق قائد کی ہدایت کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں میں جلد ہی سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کا آغاز ہوگا۔آصف زرداری اور الطاف حسین کی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد رحمان ملک کی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں سینیٹ انتخابات پر بات چیت ہوئی ۔ ملاقات کے بعد رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو دوبارہ حکومت میں شامل کرنے کیلئے پوری کوشش کی جائے گی جب بھی حالات خراب ہوئے تو آصف زرداری جمہویت کے لیے ہمیشہ صف اول میں کھڑے ہوئے ہیں۔