پی سی بی نے سلمان بٹ اور محمد آصف کے اعترافی بیانات مسترد کر دیئے

ہفتہ 7 فروری 2015 11:41

پی سی بی نے سلمان بٹ اور محمد آصف کے اعترافی بیانات مسترد کر دیئے

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء) آئی سی سی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف کے اعترافی بیانات مسترد کردئیے ہیں۔بی بی سی کے مطابق محمد عامر کی سزا میں نرمی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کی بھی خواہش رکھتا ہے اور اس نے اس ضمن میں آئی سی سی سے بھی بات کی تھی۔

تاہم آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا کہ چونکہ ان دونوں کرکٹرز نے اپنے کیے کی معافی نہیں مانگی ہے لہٰذا ان کی بحالی کا پروگرام شروع نہیں ہوسکتا۔ آئی سی سی نے اس سلسلے میں دونوں کرکٹرز سے براہ راست بات کرنے کے بارے میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ پہلے خود ان دونوں کرکٹرز سے بات کریگا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے کہنے پر دونوں کرکٹرز نے پی سی بی کے سکیورٹی انچارج کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیانات ریکارڈ کرائے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کرکٹرز اب بھی سچ بولنے سے گریز کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کے ریکارڈ کیے ہوئے بیانات آئی سی سی کو بھی بھیجے تھے تاہم آئی سی سی بھی ان دونوں کرکٹرز کے اعتراف سے مطمئن نہیں اور اس نے غیررسمی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ بتایا کہ دونوں کرکٹرز کے یہ اعترافی بیانات سچ پر مبنی نہیں ہیں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سلمان بٹ اپنی پابندی کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔سلمان بٹ اپنی بحالی کے پروگرام میں تاخیر کا ذمہ دار پاکستان کرکٹ بورڈ کو قرار دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :