پاکستان سے میچ میں بھارتی ٹیم پر زیادہ دباوٴ ہوگا، پرساد

ہفتہ 7 فروری 2015 13:35

پاکستان سے میچ میں بھارتی ٹیم پر زیادہ دباوٴ ہوگا، پرساد

سڈنی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء) بھارتی بولنگ کوچ وینکٹش پرساد نے ورلڈکپ کی دفاعی مہم کو کامیاب بنانے کیلیے پاکستان کیخلاف فتح کو لازمی قرار دیدیا۔ان کا کہنا ہے کہ گوکہ میچ میں ٹیم پر زیادہ دباؤ ہوگا مگر روایتی حریف کو ابتدائی میچ میں ہرانے سے پلیئرز کا مورال بلند ہو سکتا ہے، اس کا اگلے میچز میں فائدہ ملے گا۔ ایک انٹرویو میں پرساد نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کی وجہ سے 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں پاکستان کیخلاف میچ میں بھارتی ٹیم پر زیادہ دباؤ ہوگا لیکن میگا ایونٹ کے مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے کا کارنامہ ہمیں مدد فراہم کرسکتا ہے،امید ہے کہ بلو شرٹس ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 6-0 سے فتح کا ریکارڈ مزید بہتر بنا لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پڑوسی ٹیموں کے مابین مقابلہ چاہے جہاں بھی ہو برابری کی سطح پر ہوتا ہے، 15 فروری کو شیڈول میچ کی ٹکٹیں صرف20 منٹ میں فروخت سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شائقین کس قدر بے چین ہیں، دونوں اطراف کے عوام کا بے پناہ لگاؤ پلیئرز کو زیادہ دباؤ سے دوچار کردیتا ہے، البتہ اہم بات یہ ہے کہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پلیئر کو راتوں رات شہرت بھی مل جاتی ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی خواہش ہوگی کہ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے قومی ہیرو کا اعزاز حاصل کریں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ 1996 میں کوارٹر فائنل کے دوران عامر سہیل کو بولڈ کرنا کبھی نہیں بھول سکتا کیونکہ ہم دونوں میں اس سے قبل تلخ کلامی ہوئی تھی، پاکستانی اوپنر کی خواہش تھی کہ میری ہر گیند کو باؤنڈری سے باہر بھیجیں اورمیں انھیں فوری آؤٹ کرنا چاہتا تھا جس میں کامیابی ملی۔

متعلقہ عنوان :