Live Updates

عمران خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا حکومت، افغان انتظامیہ کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ ،دہشت گردی کیخلاف جنگ کو موثر بنانے کیلئے اہم اجلاس، افغان سفیر کی شرکت،

اجلاس میں خیبرپختونخوا ، افغان حکومتوں کے مابین روابط کو مستحکم بنانے کیلئے جوائنٹ فورم کے قیام پر اتفاق، صوبائی حکومت ،افغان حکومت کیساتھ بہترین ،موثر تعلقات کی خواہاں ہے،چیئرمین تحریک انصاف

ہفتہ 7 فروری 2015 19:25

عمران خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا حکومت، افغان انتظامیہ کے مابین ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) خیبرپختونخواہ حکومت اور افغان انتظامیہ کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ، تجارت کے استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موثر بنانے کیلئے اہم ترین اجلاس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ افغان سفیر کی درخواست پر بلائے گئے اجلاس میں وزیر اعلی خیبرپختونخواہ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران خیبرپختونخواہ اور افغانستان کی حکومتوں کے مابین روابط کو مستحکم بنانے کیلئے جوائنٹ فورم کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخواہ حکومت اور افغانستان میں غنی انتظامیہ کے مابین تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور دونوں حکومتوں کے مابین تجارت کی بہتری اورمعیشت کے استحکام کیلئے فوری موثر اور مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سانحہ پشاور کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا اور افغانستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے ذریعے دہشت گردی اور اس کے اسباب کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں افغان سفیر کی جانب سے خیبرپختونخواہ میں مقیم افغان مہاجرین کے ساتھ نرمی برتنے کی درخواست کی گئی اور خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث مہاجرین کے خلاف کارروائی پر اتفاق کیا گیا ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت افغان صدر اشرف غنی اور ان کی حکومت کے ساتھ بہترین اور موثر تعلقات کی خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں حکومتوں کے مابین معنی خیز تعاون اور اشتراک دونوں ممالک کے شہریوں کی فلاح و بہبود اور معیشت کے استحکام کی راہ ہموار کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں حکومتوں کے مابین بہتر تعلقات ، غربت ، جہالت اور دہشت گردی جیسی برائیوں کے خلاف ان کی کوششیں بار آور بنائیں گے اور خطے میں امن کے قیام اور پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کی سکیورٹی صورت حال اور افغان مہاجرین کی مناسب انداز میں وطن واپسی کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی مفصل روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر افغان سفیر کی جانب سے وزیر اعلی خیبرپختونخواہ افغانستان کے دورے کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات